اکھلیش یادوکی مختارانصاری کے ارکان خاندان سے ملاقات

   

حراست میں موت کیلئے اترپردیش حکومت پر شدید تنقید

غازی پور: سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو آج محمد آباد میں مختار انصاری کے آبائی گھر پہنچے۔ اس دوران انہوں نے مختار انصاری کے ارکان خاندان سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اکھلیش یادو کے بارے میں یہ بھی امکان تھا کہ وہ مختار انصاری کی قبر پر پھول چڑھا کر انہیں خراج عقیدت پیش کر سکتے ہیں لیکن وہ کالی باغ کے قبرستان نہیں گئے جہاں مختار انصاری مدفون ہیں۔بعد میں اکھلیش یادو نے مختار انصاری کی حراست میں موت کو لے کر حکومت پر سوال اٹھائے۔ اکھلیش نے کہا کہ مختار انصاری کی موت کو لے کر جو کچھ ہوا وہ سوال اٹھاتا ہے۔ حکومت کے پاس ان سوالات کے جوابات نہیں ہیں۔ موجودہ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ حکومت امتیازی رویہ اپنا رہی ہے۔ یوپی حراست میں ہونے والی اموات کے معاملے میں دوسری ریاستوں کو پیچھے چھوڑنے کی دوڑ میں ہے۔