حیدرآباد۔ تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے اگزٹ پول پر امتناع عائد کردیا ہے اور 3 ڈسمبر کو ہونے والی بلدی حلقہ قدیم ملک پیٹ کی دوبارہ رائے دہی کے عمل کی تکمیل کے بعد ہی اگزٹ پول کی اجرائی عمل میں لانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے قدیم بلدی حلقہ میں رائے دہی دوبارہ منعقد کرنے کے فیصلہ کے ساتھ ہی اگزٹ پول پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا اور کہا جار ہاہے کہ اگزٹ پول کے ذریعہ منظر عام پر آنے والے نتائج ازسر نو رائے دہی پر اثر انداز ہونے کے امکانات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق شہر حیدرآباد کے بلدی انتخابات میں از سر نو رائے دہی کی صورت میں اگزٹ پول کو روکنے کی ہدایت پہلے ہی دی جاچکی تھی ۔