حیدرآباد ۔ یکم ۔ اگسٹ ۔ (سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے مانسون کے دوسرے حصہ اگسٹ ۔ستمبر کے دوران بارش کے خسارہ کی پیش قیاسی کرتے ہوئے کہاہے کہ آئندہ دنوں میں مناسب معمول کے مطابق بارش کے امکانات موہوم ہیں۔محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی میں کہاگیا ہے کہ مانسون کے پہلے مرحلہ میں یعنی جون۔جولائی کے دوران ملک بھر میں بارش معمول سے 13فیصد کم ریکارڈ کی گئی ہے لیکن آئندہ دو ماہ کے دوران موسم باراں کے دوران بھی 5فیصد کم بارش ریکارڈ کئے جانے کا خدشہ ہے۔ماہ اگسٹ ۔ستمبر کے دوران بارشوں کی کمی خریف کے موسم اور کاشت کو متاثر کرنے کا سبب بن سکتی ہے کیونکہ موسم باراں کے اگلے دوماہ کے دوران ہونے والی بارشوں پر ہی خریف کی زرعی پیداوار کا انحصار ہوتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ماہ اگسٹ۔ستمبر کے دوران مجموعی طور پر 422.8ملی میٹر بارش کے امکانات ظاہر کئے گئے ہیں اور کہا جارہاہے کہ یہ معمول کی بارشوں سے کم بارش ہے۔ ملک کے کئی حصوں بالخصوص شمال مشرقی ‘ اور جنوب مغربی حصوں میں معمول کے مطابق بارش کے امکانات ہیں لیکن اس کے باوجود مجموعی طور پر کم بارشوں کے نتیجہ میں خریف کی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہے اسی لئے کسانوں کو مشورہ دیا جا رہاہے کہ وہ ایسی کاشت پر توجہ دیں جس میں کم پانی کا استعمال ہوتا ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے جانے والے ماہانہ اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ گذشتہ دو ماہ کے دوران جو بارش ہونی تھی وہ معمول سے کم رہی ہے اور 13فیصد کم بارش کے نتیجہ میں پیداشدہ صورتحال کے بعد اگر اب آئندہ دو ماہ کے دوران بھی بارشیں معمول کے مطابق نہیں ہوتی ہیں تو ایسی صورت میں صورتحال سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔ 3/a/b
ملک میں ایل نینو کے اثرات کے نتیجہ میں بارشوں میں ہونے والی کمی کے سبب صورتحال غیر یقینی بنی ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود بعض علاقوں میں معمول کے مطابق بارش ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔3