اگلی بار مودی مطلب ہندو‘ستان

   

بی جے پی چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی کو گرفتار کرنے کوشاں ، کھمم میں سی پی آئی قائد کے نارائنا کا کانگریس کے انتخابی جلسہ سے خطاب
حیدرآباد۔2۔مئی ۔ (سیاست نیوز) مودی اگر تیسری مرتبہ منتخب ہوتے ہیں تو ہندستان کی صورت بدل جائے گی اور ہندستان ایک مکمل ہندو راشٹر میں تبدیل ہوجائے گا۔ مرکزی حکومت چاہتی ہے تو وہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو ابھی گرفتار کرے تاکہ تین چیف منسٹرس جیل میں رہیں جو کہ ملک بھر میں انڈیا اتحاد کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا قائد نارائنا نے آج کھمم میں کانگریس امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہو ںنے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے چیف منسٹر تلنگانہ کو بھی جیل میں بند کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے دو چیف منسٹرس جھارکھنڈ چیف منسٹر ہیمنت سورین اور چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال دونوں جیل میں ہیں ۔ مسٹر نارائنا نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے چیف منسٹرس جو کہ بڑی بڑی دھاندلیوں میں ملوث ہیں ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جار ہی ہے اور اپوزیشن کی آواز کو کچلنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ سی پی آئی قائد نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت ریونت ریڈی کو گرفتار کرتی ہے تو اس کا فائدہ انڈیا اتحاد کو ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے موجودہ حالات میں سب سے پہلے نریندر مودی اور پھر امیت شاہ کو گرفتار کیا جانا چاہئے جو کہ عوام میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلارہے ہیں اور عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے بھارتیہ جنتا پارٹی اور آرا یس ایس کے نظریات اور دستور میں تبدیلی کے منصوبہ کے انکشاف کے ذریعہ عوام پر یہ بات ظاہر کردی ہے کہ اگر بی جے پی تیسری مرتبہ اقتدار حاصل کرتی ہے تو وہ تحفظات کو ختم کرنے کے اپنے منصوبہ پر عمل کرے گی اور دستور کو تبدیل کردیا جائے گا۔ نارائنا نے اپنے پارٹی قائدین و کارکنوں کو کانگریس کے امیدوار کی کامیابی کے لئے کام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک سے فاشسٹ قوتوں کا صفایا کرنے کے لئے کانگریس امیدوار کی کامیابی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ نارائنا نے سربراہ بھارت راشٹرسمیتی کے چندر شیکھر راؤ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ بے سمت کی راگنی گا رہے ہیں اور کھمم کے اپنے امیدوارناما ناگیشور راؤ کو مرکزی حکومت میں وزیر بنانے کی بات کر رہے ہیں جو کہ ممکن نہیں ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں بی آرایس ا ور بی جے پی کو ناکام کرتے ہوئے ملک میں مستحکم انڈیا اتحاد کی حکومت کے قیام کے لئے عوام کو اپنے ووٹ کا استعمال کرنا چاہئے ۔3