اگنی ویر اسکیم : مالی فوائد کے ساتھ روشن مستقبل کیلئے کثیر مواقع

   


مختلف شعبوں میں ملازمت کیلئے فوقیت دی جائے گی ، ظہیرآباد میں طلبہ سے ریکروٹنگ آفیسر تلنگانہ و آندھرا سری چیتنیا کا خطاب

ظہیر آباد 8 / ڈسمبر( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مرکزی حکومت کی جانب سے ملک کی فوج کے تینوں شعبوں بحریہ‘ فضائیہ اور بری فوج میں نوجوانوں کو بھرتی کرنے اور انہیں چار سال تک تربیت فراہم کرنے کی اسکیم اگنی ویر میں شمولیت سے ملک کے نوجوان اپنی زندگی کے اہم موڑ پر ہمہ جہت ترقی کرسکتے ہیں ۔ اگنی ویر چار سال تک ملک کی خدمت کرسکتے ہیں اور بہترین نظم و ضبط سیکھ کر زندگی کے کسی بھی شعبہ میں ترقی کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں بھر پور مالی فوائد بھی حاصل ہوسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سجا سری چیتنیا تلنگانہ و آندھرا پردیش کے اگنی ویر ریکروٹنگ آفیسر و کمانڈنگ آفیسر انڈین ایر فورس نے گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد میں کالج ہذا کے علاوہ ٹمریس بوائز و گرلز اقامتی جونیر کالج کے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد کے پرنسپل ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی‘ ٹمریس بوائز اقامتی جونیر کالج کے پرنسپل کے ایس جمیل اور ٹمریس گرلز اقامتی جونیر کالج کی پرنسپل کے راشیل نے اگنی ویر پروگراموں کی صدارت کی۔ سجا سری چیتنیا نے پاور پوائنٹ کی مدد سے اگنی ویر اسکیم میں داخلہ فارم ‘ انٹرنس امتحان اور فوج میں شمولیت کے تمام مراحل طلباء و طالبات کے روبرو پیش کئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال 18تا 22 سال کے درمیان کے نوجوان اگنی ویر میں شمولیت کے اہل ہیں۔ ایسے نوجوان جو انٹرمیڈیٹ 50 فیصد نشانات سے کامیاب ہیں۔ جن کی تاریخ پیدائش جون 2002 تا ڈسمبر 2005 کے درمیان ہے جن کا قد لڑکوں کیلئے 152.5سنٹی میٹر اور لڑکیوں کیلئے 152 سنٹی میٹر اور سینہ کی چوڑائی77 سنٹی میٹر ہو۔ چار سال تک اگنی ویر اسکیم کے تحت فوج کے کسی بھی شعبے میں بھرتی کے اہل ہوں گے۔ پہلے سال ماہانہ 30,000 روپے ، دوسرے سال33,000 روپے ، تیسرے سال36,000 روپے اور اگنی ویر سے سبکدوشی کے چوتھے سال ماہانہ 40,000 روپے تنخواہ ادا کی جائے گی۔ اگنی ویر کے تحت ملنے والی یافت کو انکم ٹیکس سے استثنا رہے گا اور ہر ماہ کچھ تنخواہ منہا کرکے چار سال بعد سبکدوشی کے وقت 10لاکھ سے زائد رقم نقد ادا کی جائے گی تاکہ اگنی ویر زندگی کے کسی بھی شعبے میں آگے بڑھنے کیلئے اس رقم کو استعمال کریں۔ اگنی ویر ریکروٹنگ آفیسر چیتنیا نے کہا کہ اگنی ویر نوجوان چار سال تربیت کے بعد جب فوج سے باہر آئیں گے تو انہیں اپنے بہتر مستقبل کی تعمیر کیلئے خاطر خواہ رقم دستیاب رہے گی اور ان کی تربیت کے بعد مختلف شعبوں میں انہیں ملازمت کیلئے فوقیت دی جائے گی۔ اگنی ویر کو لائف انشورنس کی سہولت دستیاب رہے گی۔ اس کے علاوہ نیشنل ڈیفنس اکیڈیمی میں بھی ملازمت کے مواقع دستیاب رہیں گے۔ نوجوان اس اسکیم سے استفادہ کریں اور نظم و ضبط کے حصول کے ساتھ بہتر مستقبل کی تیاری کریں۔ گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد میں نوجوان طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے اگنی ویر شعور بیداری پروگرام میں کالج کے لیکچررز ڈاکٹر محمد غوث‘ ڈاکٹر مورتی نرہری‘ ڈاکٹر عائشہ بیگم‘ ڈاکٹر سریندر‘ شکنتلا‘ مظفر علی‘ محمد تنویر‘ پولیس پروین‘ ودیا ساگر‘ سدپا‘بدر سلطانہ اور دیوی کے ہمراہ شرکت کی۔ طلباء کے سوالات کے جوابات بھی دئے گئے ۔ پروگرام میں اگنی ویر آفیسر سجا چیتنیا کے علاوہ صوبیدار میجر ایم اے مجید‘ ایر فورس عملہ جے پال‘ کے راجیش محمد حارث اور فوج کے دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ گورنمنٹ ڈگری کالج کی جانب سے سجا سری چیتنیا کی شال پوشی کی گئی۔ فوج کی جانب سے کالج کے طلباء کیلئے معلوماتی پوسٹر فراہم کئے گئے۔ ٹمریز اساتذہ اور غیر تدریسی عملے سے عرفان‘ محمد سمیع الدین اور کالج کے عملے نے بھی اپنے اپنے کالجوں میں اس پروگرام کے کامیاب انعقاد کیلئے تعاون کیا۔