حیدرآباد: ہندوستانی فوج میں بھرتی کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے اگنی پتھ اسکیم کے تحت اگنی ویر بھرتی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھرتی سال 2025.26 کے لیے کی جارہی ہے جس کے رجسٹریشن کاآغاز12 مارچ 2025 کو شروع ہوا تھا جو 10 اپریل 2025 تک جاری رہے گا۔بھرتی پانچ زمروں کی اسامیوں کے لیے ہوگی جن میں جنرل ڈیوٹی، ٹیکنیکل، کلرک/اسٹور کیپر ٹیکنیکل، ٹریڈسمین (کلاس 10 اور کلاس 8 پاس) اور ملٹری پولیس میں خواتین جنرل ڈیوٹی شامل ہیں۔ اہلیت کی بنیاد پراگنی ویر اسکیم کے امیدواران میں سے کسی بھی دو زمروں کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔بھرتی کے عمل میں آن لائن رجسٹریشن، آن لائن مشترکہ داخلہ امتحان، مقامی بھرتی ریالی، میڈیکل اور دستاویزات شامل ہیں۔ آن لائن امتحان کی تاریخ امکانی طور پر جون 2025 میں طے کی گئی ہے اور قطعی تاریخ کو الگ سے مطلع کیا جائے گا۔آن لائن مشترکہ داخلہ امتحان 13 زبانوں میں لیا جائے گا جن میں انگریزی، ہندی، ملیالم، کنڑ، ٹامل، تلگو، پنجابی، اوڈیا، بنگالی، اردو، گجراتی، مراٹھی اور آسامی شامل ہیں۔ اگنی ویر کی تربیت کا دورانیہ 31 ہفتوں کا ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق چار سال کی سروس کی تکمیل پر تنظیم کی ضروریات اور جاری کردہ پالیسیوں کی بنیاد پر اگنی ویر کے ہر مخصوص بیچ میں سے 25 فیصد تک کو فوج میں باقاعدہ کیڈر کے طور پر بھرتی کیا جائے گا۔مزید تفصیلات اور رجسٹریشن کے لیے joinindianarmy.nic.in: ملاحظہ کیجئے ۔