کانگریس رکن اسمبلی سرینواس ریڈی کا الزام، کے سی آر فارم ہاؤز تک محدود
حیدرآباد ۔16۔ اگست (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی سرینواس ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر فارم ہاؤز میں بیٹھ کر کانگریس حکومت کے خلاف سازشیں کررہے ہیں۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محبوب نگر کے رکن اسمبلی نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن قائد کی حیثیت سے حکومت کو تعمیری تجاویز پیش کرنے کے بجائے کے سی آر نے خود کو فارم ہاؤز تک محدود کردیا ہے اور ہریش راؤ اور کے ٹی آر کے ذریعہ حکومت کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سے محرومی کے بعد کے سی آر خاندان بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہریش راؤ چاہتے ہیں کہ انہیں تلنگانہ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدہ پر فائز کیا جائے۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت نے 8 ماہ کے ریکارڈ عرصہ میں انتخابی وعدوں کی تکمیل کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ کسانوں کے دو لاکھ روپئے تک کے قرض معافی کے بارے میں بی آر ایس کو شبہات تھے لیکن تین مراحل میں دو لاکھ روپئے تک کے قرض معاف کردیئے گئے۔ رکن اسمبلی نے خواتین کے خلاف کے ٹی آر کے ریمارکس کی مذمت کی اور کہا کہ مفت سفر کی اسکیم کی مقبولیت بی آر ایس قائدین کو برداشت نہیں ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں بڑے پیمانہ پر بے قاعدگیاں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ریونت ریڈی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے برادران کو نشانہ بناتے ہوئے بی آر ایس قائدین عوام میں الجھن پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد کے سی آر خاندان میں اختلافات منظر عام پر آئیں گے۔ 1