ایئرانڈیا کی فلائٹ میں بم کی اطلاع تھائی لینڈ میں ہنگامی لینڈنگ

   

بنکاک، 13 جون (یو این آئی)تھائی لینڈ کے ایئرپورٹ حکام کے مطابق پھوکٹ سے دہلی جانے ہونے والے ایئرانڈیا کے مسافر طیارے کو دورانِ پرواز بم کی دھمکی ملنے پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی۔عالمی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق انتظامیہ نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے پروٹوکولز پر عمل درآمد کرتے ہوئے طیارے میں موجود تمام 156 مسافروں کو نکال کر بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے ۔فلائٹ ریڈار کے مطابق ایئر انڈیا کی پرواز ‘اے آئی 379’ بھارتی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے تفریحی جزیرے پھوکٹ سے دہلی کے لیے روانہ ہوئی، لیکن مسافر طیارہ بم کی اطلاع ملتے ہی بحیرہ انڈمان پر ایک لمبا چکر کاٹنے کے بعد واپس تھائی لینڈ کے جنوبی آئی لینڈ پربحفاظت لینڈ کر لیا۔تھائی لینڈ ایئرپورٹ حکام نے تاحال بم کی دھمکی سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں، جبکہ ایئرانڈیا نے بھی اس حوالے سے تاحال اپنے مؤقف سے آگاہ نہیں کیا۔