ایران ، امریکہ کی کسی بھی سطح پربات چیت نہیں : خامنہ ای

   

تہران۔17ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے منگل کو کہا کہ ایران کسی بھی سطح پر امریکہ سے بات چیت نہیں کرے گا۔ مسٹر خامنہ ای نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہاکہ ایران پر دباؤ بنانے کی امریکی پالیسی کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ملک کے عوام امریکہ کے ساتھ کسی بھی سطح کی بات چیت کرنے کے خلاف ہیں۔ خامنہ ای کے مطابق امریکہ کے ساتھ مذاکرہ کرنے کا مطلب ہوگا کہ اس کی زیادہ تر دباؤ بنانے کی پالیسی کامیاب ہوگئی ہے اوربعدازاں اس کیلئے ایران پر اپنے خواہشات کو مسلط کرنا ممکن ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ‘اسی وجہ سے ایران کے صدر ، وزیر خارجہ سمیت ہر سطح کے افسران نے اتفاق رائے سے کہا ہے کہ ہم امریکہ کے ساتھ بات چیت نہیں کریں گے ، خواہ یہ دو طرفہ ہو یا کثیرفریقی ہو۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے پیر کو کہا تھا کہ ملک کے صدر حسن روحانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا ہے ۔ امریکہ کے وزیر دفاع مارک ایسپر نے ستمبر کے آغاز میں کہا تھا کہ ایران مذاکرے کی جانب جھکتا نظر آرہا ہے ۔ گذشتہ برس امریکہ نے ایران ایٹمی معاہدے سے الگ ہونے کے بعد ایران کے خلاف کئی طرح کی پابندیاں عائد کی تھیں۔ گذشتہ تقریباً دو سالوں سے امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کافی بڑھ گئی ہے ۔