ایران :جشن کی تیاریوں کے دوران 15 ہلاک

   

تہران: ایران میں ’’چہار شنبہ سُوری‘‘نامی تہوار کی تیاریوں کے دوران 15 افراد ہلاک اور 353 زخمی ہوگئے ، جن میں 6کی حالت نازک ہے ۔ایران میں ہجری شمسی تقویم کے مطابق سال کے آخری چہارشنبہ کی رات منائے جانے والے تہوار کی تیاریوں کے دوران تاحال ملک بھر میں 15 افراد ہلاک اور 353 زخمی ہوچکے ہیں۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اِرنا کے مطابق ایران ہنگامی حالات مرکز کے سربراہ جعفر میعادفر نے کہا ہے کہ چہار شنبہ سُوری تہوار کی تیاریوں کے دوران تبریز، تہران، ہمدان، اورومیہ اور قزوین میں پیش آئے حادثات میں رواں ماہ 15افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔