واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ نے ایران میں ضمیر کے قیدیوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے پرامن طریقے سے اپنی آزادیوں کا استعمال کرنے پر ایران میں قید تمام افراد کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔’ٹویٹر‘ پر پرائس نے اس ماہ کے شروع میں اقوام متحدہ کی خواتین کی کمیٹی سے تہران کے اخراج کے بعد ایران کی خواتین کیلئے واشنگٹن کی حمایت کا حوالہ دیا۔امریکی ترجمان نے مزید کہا کہ ایرانی خواتین کی اپنے حقوق تک رسائی کیلئے جدوجہد جاری ہے۔امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی نے صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کی تعریف کی ہے کہ جو ایران میں مظاہروں کیخلاف ’’اندھا دھند تشدد‘‘ کے مرتکب اہلکاروں کو ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرا رہی ہے۔کمیٹی نے اتوار کو اپنے ’ٹویٹر‘ اکاؤنٹ پر کہا کہ اسے ایرانی حکومت کی طرف سے مقدمے اور پھانسیوں کی بڑھتی ہوئی رفتار کا ’’زبردست جواب‘‘ دینا چاہئے۔ایران میں مظاہرے 100 دن سے تجاوز کرگئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے اس پر وحشیانہ دباو ڈالنے اور دہشت پھیلانے کیلئے کچھ شرکاء کوپھانسی دینے کے باوجود بعض شہروں میں سخت موسم اور برفباری میں بھی احتجاج جاری ہے۔ایران میں زبردست مظاہروں کے 100 دن بعد بھی ایرانی حکام مظاہرین کے مطالبات بشمول لباس کی آزادی کے مطالبات کو مغربی حکومتوں بشمول امریکہ اور برطانیہ کی ’’سازش‘‘ قرار دیتے ہیں، جنہیں ایرانی حکومت ’’دشمن‘‘ قرار دیتی ہے۔