ایران میں مزید دو فرانسیسی شہری زیر حراست

   

تہران : فرانسیسی وزیرخارجہ کیتھرین کولونا نے ایران میں اپنے ملک کے مزید دو شہریوں کی گرفتاری کی اطلاع دی ہے جس کے بعد ایران میں زیرحراست فرانس سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعداد سات ہو گئی ہے۔ انہوں نے اخبار لی پیرسین کو بتایا کہ ’’ہم دواور ہم وطنوں کے بارے میں فکرمند ہیں اورآخری تصدیق سے پتاچلتا ہے کہ انہیں بھی حراست میں لیا گیا ہے‘‘۔گذشتہ ماہ کولونا نے ایران میں پانچ فرانسیسی شہریوں کو حراست میں لینے کی اطلاع دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو اس کی بین الاقوامی ذمہ داریوں سے آگاہ کرنا پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہوگیا ہے۔ اگر اس کا مقصد بلیک میلنگ ہے تو وہ یہ کام جاری نہیں رکھ سکتا ۔ انہوں نے ایرانی حکام سے فرانسیسی شہریوں کو فوری رہائی اور قونصلر تحفظ اور رسائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’’میری ایرانی ہم منصب کے ساتھ تفصیلی اور مشکل بات چیت ہوئی۔ انہوں نے قونصلررسائی کے اس حق کا احترام کرنے کا عہد کیا ہے۔مجھے امید ہے کہ اس کا احساس ہوجائیگا ‘‘۔دو نئے قیدیوں کی شناخت فوری طور پر واضح نہیں ہوسکی ہے۔گرفتار کئے گئے دیگر افراد میں فرانسیسی نژاد ایرانی محقق فریبا عادل خواہ بھی شامل ہیں۔