ہندوستان چھوڑدینے کی ہدایت کو عمران خان نے بمبئی ہائیکورٹ میں چیلنج کیا

,

   

ممبئی 17 اکٹوبر ( ایجنسیز ) اداکار عمران خان نے انہیں 28 اکٹوبر سے قبل ہندوستان چھوڑ دینے کی ہدایت کو بمبئی ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے ۔ عمران خان نے اپنی درخواست میں کہا کہ انہیں اس نوٹس کی کوئی وجوہات نہیں بتائی گئی ہیں اور نہ ہی مبینہ خلاف ورزیوں کی وضاحت کرنے کا کوئی موقع دیا گیا ہے ۔ ممبئی میں سی جے پی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف ہوئے احتجاج میں حصہ لینے کے چند دن بعد ہی عمران خان کو ممبئی فارنرس ریجنل رجسٹریشن آفس کی جانب سے ہندوستان چھوڑ دینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان ایک امریکی شہری ہیں اور انہیں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر وہ مقررہ تاریخ سے قبل ہندوستان چھوڑنے سے گریز کرتے ہیں تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے ۔ کہا گیا کہ عمران خان نے اپنی درخواست میں واضح کیا ہے کہ انہیں جو نوٹس جاری کی گئی ہے وہ غیرقانونی ‘ نامناسب اور قانونی طور پر غیردرست ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ یہ نوٹس کوئی وجہ بتائے بغیر جاری کی گئی ہے اور نہ ہی کسی خصوصی قانونی خلاف ورزی کا کوئی تذکرہ کیا گیا ہے ۔ یہ نوٹس کسی انکوائری یا نوٹس وجہ نمائی کے بغیر جاری کی گئی ہے اور درخواست گذار کو وضاحت کرنے کا کوئی موقع بھی نہیں دیا گیا ہے ۔ عمران خان کو جو نوٹس جاری کی گئی ہے اس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے امیگریشن و فارنرس ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے ۔ تاہم عمران خان کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایسی کوئی قانونی گنجائش نہیں ہے جس کے تحت اوور سیز ہندوستانی کارڈ رکھنے والا کسی پرامن احتجاج میں شرکت نہیں کرسکتا ۔