ایران میں پراسرار آتشزنی کا سلسلہ جاری ، کرمانشاہ میں زور دار دھماکہ

   

تہران ۔ ایران میں پراسرار حادثوں کا سلسلہ جاری ہے جس نے گذشتہ چند ہفتوں کے دوران ملک میں بڑی تنصیبات اور ٹھکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔اس سلسلے میں تازہ ترین واقعے کے حوالے سے ایرانی میڈیا نے منگل کے روز بتایا ہے کہ مغربی صوبے کرمانشاہ میں ایک زور دار دھماکا ہوا ہے۔ابھی تک دھماکے کی نوعیت، وجوہات اور جانی نقصان کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا۔ ایک ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’اِسنا‘‘ کے مطابق آگ ایندھن سے بھرے ٹرکوں میں دھماکے کے سبب لگی۔دوسری جانب “ایران انٹرنیشنل” نے سوشل میڈیا پر ایرانی حلقوں کی جانب سے وائرل ایک وڈیو کلپ جاری کیا ہے۔ اس وڈیو میں کرمانشاہ کے قصبے دولت آباد میں صنعتی علاقے کے اندر ایندھن کے ایک ٹینک میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑکی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ اس دوران دھوئیں کے گہرے بادل آسمان کی جانب اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ ماہ جون کے اواخر سے ایران میں عسکری، صنعتی اور جوہری مقامات پر آگ لگنے اور دھماکے ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ تیل صاف کرنے کی ریفائنریز، پاور اسٹیشنز ، کارخانے اور کمپنیاں بھی ان حادثات کی لپیٹ میں آئی ہیں۔حالیہ ہفتوں میں کم از کم 14 دھماکے سامنے آئے ہیں۔ ان میں تہران کے مشرق میں بارشین فوجی اڈے کے نزدیک دھماکا اور اصفہان میں نطنز کی تنصیب پر یورینیم کی افزودگی کے سینٹری فیوجز کو نشانہ بنانا اہم ترین ہیں۔اسی طرح سیٹلائٹ کی نئی تصاویر سے انکشاف ہوا ہے کہ جمعہ 10 جولائی کی صبح تہران کے مغرب میں غرمدرہ کے علاقے میں ہونے والے دھماکے میں ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔یہ تصاویر لیبس پلیٹ نامی کمپنی کے ذریعے حاصل کی گئیں۔ تصاویر سے ظاہر ہوا کہ اس واقعے کے نتیجے میں جائے مقام پر 22 ہزار مربع میٹر کے رقبے میں آگ بھڑک اٹھی۔