ایران کا حج سیزن سے قبل ریاض میں اپنا سفارتخانہ کھولنے کا اعلان

   

تہران : ایران نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کے انتظامات کر رہا ہے۔ ایران حج سیزن سے قبل ریاض میں اپنا سفارت خانہ کھول لے گا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایک ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تہران ریاض کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی اور اسلامی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے اپنی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے پرعزم ہے۔ادھر اسسٹنٹ وزیر خارجہ اور ایرانی وزارت خارجہ میں خلیجی ریاستوں کے امور کے شعبے کے ڈائریکٹر علی رضا عنایتی نے کہا کہ ان کا ملک ریاض میں اپنا سفارت خانہ اور جدہ میں اپنا قونصل خانہ اگلے ماہ حج سیزن، کے آخر میں کھولنے کیلئے کام کر رہا ہے۔عنایتی نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے تہران کو یقین دلایا ہے کہ وہ تہران میں سعودی سفارت خانہ اور مشہد شہر میں سعودی قونصل خانہ دوبارہ کھولنے کیلئے ضروری طریقہ کار کو مکمل کرے گا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا ریاض نے ایرانی شہریوں کیلئے عمرہ سروس دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا۔