ایران کا نیوکلیئربم حاصل کرنا قطعی طور پر ناقابلِ قبول :ٹرمپ

   

واشنگٹن، 15 اپریل (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پوپ لیو کے خلاف سخت بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو کسی صورت نیوکلیئرہتھیار حاصل نہیں کرنے دینا چاہیے ۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کوئی پوپ لیو کو بتائے کہ ایران نے گزشتہ 2 ماہ میں کم از کم 42 ہزار نہتے اور معصوم مظاہرین کو قتل کیا ہے اور ایران کا جوہری بم حاصل کرنا قطعی طور پر ناقابلِ قبول ہے ۔ رپورٹس کے مطابق ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 2 روز قبل ٹرمپ نے پوپ لیو کو جرائم پر کمزور اور خارجہ پالیسی میں ناکام قرار دیا تھا۔ امریکی صدر کے یہ ریمارکس ایسے وقت میں آئے ہیں جب پوپ لیو جو پہلے امریکی نژاد پوپ ہیں، انہوں نے امریکا اور اسرائیل کی ایران پر تھوپی گئی جنگ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ پوپ کا ٹرمپ کے ریمارکس کے جواب میں کہنا تھا کہ مجھے ٹرمپ انتظامیہ سے کوئی خوف نہیں اور میں جنگ کی ہولناکیوں کے خلاف اپنی آواز بلند کرتا رہوں گا۔(S/W)

ٹرمپ کے ایران میں کئے گئے آپریشن ناکام : سینیٹر

واشنگٹن، 15 اپریل (یو این آئی) امریکی ڈیموکریٹ سینیٹر چک شومر نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران میں کیے گئے آپریشن کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ایک بہت بڑی ناکامی قرار دے دیا ہے ۔ امریکی سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے چک شومر کا کہنا تھا کہ ٹرمپ جسے ‘آپریشن ایپک فیوری’ کہہ رہے ہیں، وہ حقیقت میں ایک ‘ایپک فیلئر’ (بہت بڑی ناکامی) ثابت ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنگ شروع ہوئے 45 دن گزر جانے کے باوجود صورتحال قابو میں آنے کے بجائے مزید بگڑ چکی ہے ۔ چک شومر نے صورتحال کی سنگینی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج آبنائے ہرمز کی بندش برقرار ہے ، عالمی مارکیٹ میں گیس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، ایران کا جوہری پروگرام مزید فعال ہو گیا ہے اور عالمی سطح پر امریکی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ ڈیموکریٹ سینیٹر نے مطالبہ کیا کہ کانگریس کو چاہیے کہ وہ حکومت کا سخت احتساب کرے اور اس معاملے پر باقاعدگی سے قراردادیں پیش کی جائیں تاکہ انتظامیہ کی جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ صدر ٹرمپ کی شخصیت پر حملہ کرتے ہوئے چک شومر نے مزید کہا کہ پوپ کی توہین کر کے ٹرمپ اخلاقیات کی ایک نئی نچلی سطح پر گر گئے ہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ خود کو بائبل کا مداح بتانے والا اور اسے اپنی پسندیدہ کتاب قرار دینے والا شخص بائبل کی ایک آیت تک سنانے سے قاصر ہے ۔

ایران کسی بھی طرح ہم سے معاہدہ کا خواہاں : ٹرمپ
واشنگٹن : 15 اپریل ( یو این آئی ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ ختم ہونے کے قریب ہے۔امریکی میڈیا فاکس نیو ز کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے جنگ بندی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ ایران کسی بھی طرح ہم سے معاہدہ کرنا چاہتا ہے، وہ اس صورتحال کو بہت قریب سمجھتے ہیں کہ جنگ جلد اپنے اختتام کو پہنچ جائیگی۔امریکی صدر نے ایک بار پھر ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہ دینیکا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ مداخلت نہ کرتے تو اس وقت ایران کے پاس نیوکلیئرہتھیار ہوتے اور ایران کے ایٹمی طاقت بننے سے عالمی توازن متاثر ہوتا۔(S/W)

امریکی صحافی کو پاکستان میں ہی ٹھہرنے ٹرمپ کا مشورہ
اسلام آباد، 15 اپریل (یو این آئی) جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صحافی کیٹلین ڈورنبوس سے کہا کہ ابھی آپ پاکستان ہی میں رکیں، تو ان توقعات کو مزید تقویت ملی کہ ایران امریکہ مذاکرات کا دوسرا دور بھی اسلام آباد ہی میں منعقد ہو سکتا ہے ۔ امریکی صحافی کیٹلین ڈورنبوس نے کہا کہ انھوں نے صدر ٹرمپ کو فون کیا اور قیاس آرائیوں کے بارے میں بتایا اور کہا کہ میری امریکہ کے لیے واپسی کی فلائٹ کل شیڈول ہے ، تب میری فون کال کے 37 منٹ بعد صدر ٹرمپ نے خود کال کی اور کہا آپ پاکستان میں رکیں امریکہ واپس نہ آئیں۔ خاتون صحافی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ان سے کہاکہ اگر میں آپ کی جگہ ہوتا تو اسلام آباد میں ہی رہتا، حالات بدل رہے ہیں، اگلے 48 گھنٹے میں اہم پیش رفت ہوسکتی ہے ۔کیٹلین کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی کال کے بعد اپنے ایڈیٹر کو کال کی اور بتایا کہ مجھے پاکستان میں مزید رکنا ہوگا۔(S/W)
، صدر ٹرمپ کی رائے میں بہت تبدیلی آئی ہے ۔ اس کال کے بعد اب غالب امکان یہی ہے کہ پاکستان کو ایک بار پھر میزبانی کا موقع مل سکتا ہے ۔ اگرچہ امریکی صدر کے خود ان مذاکرات میں شرکت کے لیے اسلام آباد دورے کی افواہیں پھیل رہی ہیں تاہم، کیٹلین ڈورنبوس نے یہ بھی کہا کہ صدر ٹرمپ نے مجھے کہا کہ وہ اسلام آباد جانے والے وفد میں شامل نہیں ہوں گے ۔