ایران کیخلاف امریکی دعووں سے سعودی عرب متفق

   

ریاض ،14جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے خلیج عمان میں تیل ٹینکروں پر حملوں میں ایران کے ملوث ہونے کے سلسلہ میں امریکہ کے بیان سے اتفاق ظاہرکیاہے ۔ امریکی وزیرخارجہ مائک پومپیو نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے تجزیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جمعرات کو خلیج عمان میں دوتیل ٹینکروں پر ہوئے حملہ میں ایران کاہاتھ ہے۔ مسٹر پومپیونے جمعرات کوکہا کہ امریکی حکومت کا تجزیہ ہے کہ جمعرات کو خلیج عمان میں ہوئے حملوں کے لیے ایران ذمہ دار ہے۔ سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر نے میڈیا سے کہا،‘‘سعودی عرب کے پاس امریکی وزیرخارجہ کے بیان سے عدم اتفاق کی کوئی وجہ نہیں ہے ۔ہم ان سے متفق ہیں ۔ایران کے پاس ایساکرنے کی تاریخ رہی ہے۔ مسٹر پومپیو نے کہاہے کہ ٹینکروں پر حملہ ایران کے ذریعہ ‘کشیدگی بڑھانے ’کی ‘مہم ’کا حصہ ہے اور یہ بین الاقوامی امن وسلامتی کیلئے خطرہ ہے۔ امریکی سفارتکاروں نے حملہ میں ایران کے مبینہ طورپر ملوث ہونے کا معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی اٹھایا ہے۔اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی فجیرہ بندرگاہ کے قریب مختلف ممالک کے کم از کم چار تجارتی بحری جہازوں کو سبوتاژ کرنے کے لیے حملے کیے گئے تھے ۔ اس کے بعد سعودی عرب کی طرف سے یہ کہا گیا تھا کہ ان حملوں میں اس کے دو تیل بردار بحری جہازوں کو نقصان پہنچا تھا۔