میچس امریکہ سے میکسیکو منتقل نہ کیے گئے تو ایران کی ٹورنامنٹ میں شرکت غیر یقینی ہوگی
تہران ۔6؍اپریل ( ایجنسیز )ایران کے وزیر کھیل نے کہا ہے کہ اگر فیفا ورلڈ کپ کے میچس امریکہ سے میکسیکو منتقل نہ کیے گئے تو ایران کی ٹورنامنٹ میں شرکت غیر یقینی ہوگی۔ایران کے وزیر کھیل احمد دونیامالی نے اتوار کو ترکیہ کی ایک نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ایران کی فٹبال فیڈریشن نے اسپورٹس گلوبل گورننگ باڈی سے اپنے میچس منتقل کرنے کی درخواست کی تھی تاہم ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا۔انہوں نے کہا کے اگر فیفا کی جانب سے ہماری یہ درخواست قبول ہوجاتی ہے تو ایران کی ورلڈکپ میں شرکت یقینی ہوجائے گی۔ تاہم ایران ابھی تک فیفا کی جانب سے ملنے والے جواب کا انتظار کر رہاہے۔کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ جون ۔جولائی میں ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے والے اسرائیل اور امریکہ نے 28 فروری سے ایران پر حملے شروع کر دیے جس سے مشرق وسطیٰ میں بھی کشیدہ صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ ایشیا سے فیفا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے والی ایران کی فٹبال ٹیم کے تمام گروپ میچس امریکہ میں شیڈول ہیں۔ تاہم جاری کشیدگی کے باعث ایران نے امریکہ میں میچس کھیلنے سے انکار کیا اور فیفا سے اپنے میچس میکسیکو منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔جنگ کے آغاز کے دو ہفتوں کے اندر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران اپنے میچوں کیلئے امریکہ آئے لیکن میں یہ یقینی طور پر مناسب نہیں سمجھتا کہ وہ وہاں اپنی جان اور حفاظت کیلئے موجود ہوں۔جس کے جواب میں ایران کی فٹبال ٹیم نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ کوئی بھی ایران کو ورلڈ کپ سے باہر نہیں کر سکتا۔ایران فٹبال کے سربراہ مہدی تاج نے کہا کہ جب ٹرمپ نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ ایرانی قومی ٹیم کی حفاظت کو یقینی نہیں بنا سکتے تو ہم یقینی طور پر امریکہ کا سفر نہیں کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایران کے میچس امریکہ سے میکسیکو منتقل کرنے کیلئے فیفا سے بات چیت کر رہے ہیں۔A/K