ایران کے ساتھ معاہدہ پر آج ہونگے دستخط ‘ ٹرمپ

,

   

واشنگٹن ، 13 جون (ایجنسیز ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج کہا کہ ایران کے ساتھ جس معاہدہ کا طویل وقت سے انتظار تھا اس پر اتوار کو دستخط کئے جائیں گے ۔ ٹرمپ نے دعوی کیا کہ معاہدہ کے فوری بعد آبنائے ہرمز کو سب کیلئے کھول دیا جائے گا ۔ سوشیل میڈیا پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اس معاہدہ پر کل دستخط کئے جائیں گے اور اس کے فوری بعد آبنائے ہرمز کو سب کیلئے کھول دیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ ایران نے کہا ہے کہ اتوار کو معاہدہ پر دستخط نہیں ہونگے ۔ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ سابق صدر بارک اوباما کے معاہدہ کا تذکرہ کیا اور کہا کہ نیا معاہدہ اس کے بالکل برعکس ہوگا ۔ انہوں نے کہا اوباما کے معاہدہ سے ایران کو نیوکلئیر ہتھیار مل سکتے تھے تاہم نیا معاہدہ اس کے بالکل برعکس ہے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ ایران اب کوئی نیوکلئیر ہتھیار نہیں چاہتا اور نہ مستقبل میں وہ ایسا کوئی ہتھیار خریدے گا اور نہ ہی خود تیار کرے گا ۔ انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ موجودہ امریکی انتظامیہ کے ایران کے ساتھ پہلے سے کہیں بہتر تعلقات بن گئے ہیں۔ اپنے پوسٹ میں ٹرمپ نے اشارہ دیا ہے کہ امریکہ ایران کے افزودہ یورانیم کے ذحائر کا قبضہ حاصل کرے گا اور اسے تلف کردے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کسی مناسب وقت پر جب سکون ہوگا ہم افزودہ اورانیم حاصل کریں گے اور اسے پتھریلے پہاڑیوں کے نیچے دفن کردیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ اور سارے مشرق وسطی کے ساتھ مستقبل میں مل جل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ ٹرمپ نے اپنے پوسٹ میں ایران کو انتباہ بھی دیا کہ وہ اس امن معاہدہ پر پوری طرح عمل آوری کو یقینی بنائے بصورت دیگر اسے عواقبک ا سامنا کرنا پڑے گا ۔ ٹرمپ نے کہا کہ امید ہے کہ یہ عمل بہت جلد کارکرد ہوجائے گا اور آسانی کے ساتھ پرسکون انداز میں اس پر عمل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہیں ہوتا ہے تو ہمارے پاس دوسرے متبادل بھی موجود ہیں تاہم امید ہے کہ ان کو استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی ۔