واشنگٹن 16 اپریل ( سیاست نیوز ) ایک بڑا دعوی کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے اپنی افزودہ یورانیم حوالے کرنے سیا تفاق کرلیا ہے اور کہا کہ دونوں ہی ممالک کسی سمجھوتہ کے بہت قریب پہونچ گئے ہیں۔ ٹرمپ نے وائیٹ ہاوز میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نیوکلئیر استعمال کے قابل یورانیم ہمیں واپس کرنے سے اتفاق کرلیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کے بہت اچھے امکانات ہیں کہ ہم ایک سمجھوتہ کرلیں گے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اور ایران بہت کامیاب مذاکرات سے گذر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر معاملت ہوجاتی ہے تو تیل کی آمد و رفت بحال ہو جائے گا ۔ آبنائے ہرمز کو بحال کردیا جائے گا اور ہر چیز بہتر ہوجائے گی ۔ ایران سے اس پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ۔ ٹرمپ نے یہ دعوی ایسے وقت کیا ہے جب دونوں ملکوں کے مابین گذشتہ ہفتے بات چیت ناکام ہوگئی تھی ۔
قطعی معاہدہ کیلئے پاکستان جانے تیار ہوں : ٹرمپ
واشنگٹن 16 اپریل (ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج کہا کہ وہ ایران کے ساتھ امن معاہدہ کو شخصی طور پر قطعیت دینے پاکستان کا دورہ کرنے بھی تیار ہیں۔ ساتھ ہی ٹرمپ نے خارجہ پالیسی پر وٹیکن ( پوپ ) کو نشانہ بھی بنایا ۔ انہوں نے وائیٹ ہاوز میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایران کے ساتھ بات چیت کے تعلق سے امیدوں کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر قطعی معاہدہ طئے پاتا ہے تو وہ خود پاکستان کا دورہ کرنے تیار ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ میں جاؤں گا ۔ پاکستان عظیم ہے ۔ انہوں نے اچھا کام کیا ہے ۔ میں ہوسکتا ہے اسلام آباد چلا جاوں ۔ اگر اسلام آباد میں قطعی معاہدہ پر دستخط ہوتے ہیں تو میں جاسکتا ہوں۔ ٹرمپ نے پاکستان کی فوجی اور سیویلین کی ستائش کی اور وزیرا عظم شہباز شریف اور فوجی سربراہ عاصم منیر کا نام بھی لیا ۔