ایران ۔ روس دفاعی تعاون کسی بھی فریق کیخلاف نہیں:عبداللہیان

   

تہران : ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ ایران کا روس کے ساتھ دفاعی تعاون کسی بھی فریق کے خلاف نہیں ہے۔روس کے سرکاری دورے کے دوران عبداللہیان نے ایران کی اسٹوڈنٹس خبر رساں ایجنسی کے لئے بیانات جاری کئے ہیں۔ایران کے، ڈرون طیاروں کے بدلے، روس سے مانیٹرنگ اور سائبر سکیورٹی سامان حاصل کرنے سے متعلقہ دعووں پر بات کرتے ہوئے عبداللہیان نے کہا ہے کہ”بلاشبہ تہران اور ماسکو کے مشترکہ ایجنڈے کے موضوعات میں سے ایک دفاعی تعاون کا موضوع ہے لیکن ہمارا باہمی تعاون کسی بھی فریق کے خلاف نہیں ہے”۔انہوں نے کہا ہے کہ ہم اپنے روسی ہم منصب سرگے لاوروف کے ساتھ علاقائی و بین الاقوامی موضوعات اور جوہری سمجھوتے کے مذاکرات پر تبادلہ خیال کریں گے۔توقع ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان آج ماسکو میں لاوروف کے ساتھ ملاقات کریں گے۔