نوجوانان سب سے بڑی دولت، سنہرے مستقبل کا بھروسہ:صدرمرمو

,

   

طلباء ہندوستان کے معمار ، زمینی سطح پر نوجوانوں کے ذریعہ مختلف مسائل حل کئے گئے ، یوم آزادی کے موقع پر قوم سے خطاب

نئی دہلی، 14 اگست (یو این آئی) صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ ملک کی کل آبادی کا 65 فیصد حصہ 35 سال سے کم عمر کا ہے اور یہ نوجوان آبادی ہندستان کی سب سے قیمتی دولت نیز ملک کے سنہرے مستقبل کا بھروسہ ہے ۔ شریمتی مرمو نے یومِ آزادی کے موقع پر جمعہ کے روز قوم کے نام اپنے خطاب میں کہا کہ ہندستان کے نوجوان با صلاحیت، پرعزم اور ہنر مند ہیں۔ زمینی سطح پر نوجوانوں کے ذریعے مختلف مسائل کے نکالے گئے نئے اور عملی حل معاشرے اور ملک کے تئیں ان عہد بستگی کو ظاہر کرتے ہیں اور ملک کے سنہرے مستقبل کے تئیں اعتماد کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف 28 سال کی اوسط عمر والی نوجوان ٹیم نے حال ہی میں راکٹ کی کامیاب پرواز کر کے خلائی تحقیق کے ایک نئے مرحلے کا آغاز کیا ہے ۔ متعدد نوجوان خود روزگار کا راستہ اپنا کر دوسروں کو روزگار دینے کے کلچر کو آگے بڑھا رہے ہیں اور نوجوان صنعت کاروں کی شرکت سے ملک میں مضبوط اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم تیار ہوا ہے ۔صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ دنیا کے بڑے ادارے ہندستان کے نوجوانوں کی صلاحیت اور لگن سے متاثر ہیں اور انہیں قیادت کے عہدوں پر مقرر کر رہے ہیں۔ ایسے نوجوانوں نے عالمی برادری میں ہندستان کی نوجوان طاقت کی ساکھ بڑھائی ہے اور ہندستان کی نوجوان نسل کی یہ صلاحیت ملک کے سنہرے مستقبل کے تئیں ان کے اعتماد کو مزید مضبوط کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ طلبہ ہندستان کے معمار ہیں اور ان کے حال اور مستقبل کے تحفظ کے لیے تمام لوگوں کی مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔ پبلک امتحانات طلبہ کے لیے مواقع کے دروازے کھولتے ہیں، اس لیے حکومت امتحان کے نظام میں اصلاحات کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے ، تاکہ نا جائز ذرائع پر مکمل طور پر بندش لگے اور امتحانی نظام مزید شفاف، محفوظ اور قابلِ اعتماد بن سکے ۔شریمتی مرمو نے کہا کہ حکومت کی کوششوں اور نئی معاشی سرگرمیوں سے نوجوانوں کے لیے متعدد نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی صحت کو ملک کے مستقبل کی بنیاد بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خاندان اور معاشرے کی بھی ذمہ داری ہے کہ نوجوان جوش و خروش کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ کھیل کود کو نوجوانوں کی ترقی اور قوم کی تعمیر کے ذریعہ کے طور پر اپنایا جا رہا ہے ۔ ‘کھیلو انڈیا’ پروگرام کے تحت مقامی سے لے کر قومی سطح تک ملک کے تمام علاقوں کے لیے کھیل کا ماحول فراہم کیا جا رہا ہے ۔ کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے حکومت بے مثال سرمایہ کاری کر رہی ہے اور اس کے اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میں ہندستانی کھلاڑی کامیابیوں کی نئی بلندیوں تک پہنچ رہے ہیں۔