ایراکنٹہ چیرو میں حیدرا کی انہدامی کارروائی

   

ایف ٹی ایل میں غیر قانونی تعمیر کردہ عمارتوں کو منہدم کردیا گیا
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد ڈیزاسسٹر ریلیف اینڈ اسیٹ پروٹیکشن ایجنسی (HYDRAA) کی جانب سے حیدرآباد میں تالابوں کے فل ٹینک لیول ( ایف ٹی ایل ) میں غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی عمارتوں کو منہدم کرنے کے کام میں شدت پیدا کی گئی ہے ۔ جمعرات کی صبح حیدرا کے عہدیداروں نے باچوپلی میں ایرا کنٹہ چیرو کے ایف ٹی ایل میں تعمیر کئے گئے چند ملٹی اسٹوریڈ اور زیر تعمیر بلڈنگس کو منہدم کردیا ۔ حیدرا کمشنر اے وی رنگناتھ کے احکام پر کارروائی کرتے ہوئے ٹیمس نے اس مقام پر پہنچ کر ایک جمبو سائز جے سی بی مشین کا استعمال کرتے ہوئے پوری عمارتوں کو گرادیا ۔ اسٹلٹ پلس فائیو فلور پیاٹرن میں تعمیر کی جانے والی تین زیر تعمیر عمارتوں کو بھی منہدم کردیا ۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ حیدرا کے عہدیداروں نے چہارشنبہ کی رات عمارتوں کو منہدم کرنا شروع کیا ۔ اس میں مزید کہا گیا کہ سروے نمبر 134 میں غیر مجاز تعمیرات کئے جارہے ہیں ۔ جہاں تالاب کی زمین پر ایک خانگی بلڈر نے غیر قانونی قبضہ کر کے ایک ہزار مربع گز سے زیادہ پر اپارٹمنٹس تعمیر کئے ۔ چہارشنبہ کو رنگناتھ کے ناجائز قبضوں کے معائنے کے بعد انہوں نے عہدیداروں کو عمارتوں کو منہدم کرنے کی ہدایت دی ۔۔