ایس آئی آر نوٹس سے متعلق عوامی شعور بیداری مہم کا فیصلہ

   

اے پی سی آر سنگاریڈی کی نئی باڈی اجلاس میں اہم اُمور پر غور، خصوصی اجلاس کا اعلان

سنگاریڈی ۔ 23ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) ضلع سنگاریڈی کی نئی باڈی کا ایک اہم اجلاس چہارشنبہ کے روز بعد نمازِ ظہر تا عصر اے پی سی آر آفس، نزد مسجدِ بلال، سنگاریڈی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس آئی آر نوٹس کی سماعت کے سلسلے میں عوام میں شعور بیدار کرنے اور ضروری معلومات کی فراہمی کے لئے مختلف اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں کنوینر عبد المنان، معاون کنوینر سید اعظم، مشیرانِ اعلیٰ محمد شفیع الرحمٰن، محمد مختار حسین اور ایم اے حکیم، اراکینِ عاملہ ضیاء الدین، محمد ذاکر، بسم اللہ صدیقی اور معتمد مولانا شاہ محمد مبین احمد نے شرکت کی اور اپنی آراء و تجاویز پیش کیں۔اجلاس میں طے کیا گیا کہ تمام مساجد کے صدور اور ائمہ کرام سے رابطہ کرتے ہوئے خطبۂ جمعہ کے ذریعے عوام کو ایس آئی آر نوٹس کی سماعت کے سلسلے میں ضروری معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی جائے گی۔ نمازِ جمعہ کے بعد عوامی اعلان اور آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ بی ایل او (BLO) سے خصوصی ملاقات کرکے ضروری معلومات اور متعلقہ ڈاٹا حاصل کیا جائے، تاکہ آئندہ اقدامات مناسب معلومات کی بنیاد پر کیے جا سکیں۔ اس کے علاوہ کمشنر اور دیگر متعلقہ اعلیٰ عہدیداران سے ملاقات کرکے معاملے سے متعلق امور پر گفتگو کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔شرکاء نے علماء کرام، مشائخِ عظام اور شہر کے ذمہ داران کا ایک خصوصی اجلاس منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا، جس میں باہمی مشاورت سے آئندہ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔اجلاس کا آغاز محمد شفیع الرحمٰن کی تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جبکہ نظامت کے فرائض محمد مختار حسین نے انجام دیے۔ اجلاس کا اختتام مولانا شاہ محمد مبین احمد کی دعا پر ہوا۔