نئی دہلی، 19 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج کہا کہ مسلح سرحدی دستہ (ایس ایس بی) داخلی سلامتی کے نئے چیلنجوں سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور نیپال اور بھوٹان جیسے دوست ملکوں سے ملحق سرحدوں کی بخوبی حفاظت کررہا ہے ۔مسٹر شاہ نے ایس ایس بی کے 56 ویں یوم تاسیس کے موقع پر یہاں اپنے خطاب میں کہا کہ اس فورس کے مستعد جوانوں نے نیپال سے لگی ہوئی سرحد پر اس سال 56 افراد کو حراست میں لیا جس میں زیادہ تر پاکستان اور بنگلہ دیش کے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ فورس کے جوانوں کی مستعدی کی وجہ سے ہی نیپال اور بھوٹان کی سرحد سے تیسرے ملک کے شہریوں کی دراندازی کی کوششوں کو ناکام کیا گیا ہے ۔ ایس ایس بی نے نیپال اور بھوٹان کی سرحد کے راستے 380 کروڑ روپے سے زیادہ کی منشیات ضبط کی ہے ۔ وزیر داخلہ نے اپنی تقریر سے پہلے مرکزی پولیس دستوں کے ان 35 ہزار جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے گزشتہ برسوں میں مادر وطن کی حفاظت اور اپنے فرائض ادا کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کردی ۔