ایس ایس سی امتحانات کا آج ریاست بھر میں آغاز5 لاکھ سے زائد طلبا شرکت کریں گے

,

   

2650 امتحانی مراکز، 5 منٹ سے زیادہ تاخیر پر داخلہ کی اجازت نہیں، اسمارٹ واچ اور الیکٹرانک آلات پر پابندی

حیدرآباد 20 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ایس ایس سی امتحانات کا کل 21 مارچ سے آغاز ہورہا ہے جو 4 اپریل تک جاری رہیں گے۔ حکام نے امتحانات کے مؤثر انعقاد کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ 11547 اسکولوں کے 509403 طلبہ امتحانات میں حصہ لینگے۔ اُن میں 258895 طلبہ اور 250508 طالبات ہیں۔ امتحانات کیلئے ریاست میں 2650 مراکز قائم کئے گئے۔ امتحان کا وقت صبح 9.30 تا دوپہر 12.30 بجے رہیگا۔ بورڈ حکام نے امیدواروں سے اپیل کی کہ وہ صبح 9 بجے امتحانی مراکز پہونچ جائیں تاکہ لمحہ آخر میں امتحانی مرکز میں داخلہ کیلئے دشواری نہ ہو۔ حکام نے واضح کیاکہ صرف 5 منٹ تاخیر سے امیدواروں کو داخلہ کی اجازت رہیگی۔ اس کے بعد آنے والے طلباء کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ امتحانات کی نگرانی کیلئے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ امتحانی مراکز کے اطراف امتناعی احکام نافذ کئے گئے اور غیر ضروری افراد کو ٹھہرنے کی اجازت نہیں رہے گی۔ بورڈ نے طلباء کی سہولت کیلئے ہیلپ لائن نمبر 040-23230942 جاری کیا ہے۔ طلبہ کو اسمارٹ واچ، سیل فون اور الیکٹرانک آلات لیجانے کی اجازت نہیں رہے گی۔ سابق میں ایس ایس سی امتحانات کے تحت 11 پرچہ جات ہوا کرتے تھے لیکن جاریہ سال صرف 7 پرچہ جات پر امتحان مرکوز رہے گا۔ حکام نے امتحانی مراکز پر نظر رکھنے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے ہیں جن کیلئے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ ہر امتحانی مرکز کے چیف سپرنٹنڈنٹ کے روم میں سی سی کیمرے نصب کئے گئے ۔ محکمہ تعلیم نے امتحانی مراکز میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔ امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ صبح 8.30 اور 9.00 بجے کے درمیان امتحانی مراکز پہونچ جائیں۔ 9.35 بجے امتحانی مراکز کے گیٹ بند کردیئے جائیں گے۔ طلباء کو امتحان ہال میں صرف ضروری اشیاء لیجانے کی اجازت رہے گی جن میں ہال ٹکٹ، پن، پنسل، جاؤمیٹری انسٹرومنٹ شامل ہیں۔ امیدوار کو امتحانی پرچہ پر اپنا ہال ٹکٹ نمبر درج کرنا چاہئے۔1