5 منٹ تاخیر کی رعایت، 5 لاکھ سے زائد امیدواروں کی شرکت متوقع
حیدرآباد۔/17 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ایس ایس سی سرکاری امتحانات کا کل 18 مارچ کو آغاز ہوگا۔ بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے امیدواروں سے خواہش کی ہے کہ وہ ایک گھنٹہ قبل یعنی 8:30 بجے صبح اپنے متعلقہ امتحانی مراکز پہنچ جائیں۔ ایس ایس سی امتحانات کا صبح 9:30 بجے سے آغاز ہوگا اور امیدواروں کو امتحانی مراکز میں داخلہ کیلئے پانچ منٹ تاخیر کی سہولت رہے گی۔ مختلف وجوہات کے سبب تاخیر سے پہنچنے والے امیدواروں کوصرف 5 منٹ کی رعایت دی جائے گی۔ امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ وقت مقررہ سے قبل اپنے امتحانی مراکز پہنچ جائیں تاکہ امتحان ہال میں پرچہ حاصل ہونے سے قبل ضروری امور کی تکمیل کرسکیں۔ محکمہ تعلیم نے امتحانات کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ ڈائرکٹر سرکاری امتحانات اے کرشنا راؤ کے بموجب 508385 امیدوار امتحانات میں حصہ لیںگے اور 2 اپریل تک جاری رہنے والے امتحانات کیلئے 2676 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ حکام نے 2676 چیف سپرنٹنڈنٹس، 2676 محکمہ جاتی عہدیداروں کے علاوہ 30 ہزار انویجلیٹرس کو امتحانی مراکز پر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امیدوار ہال ٹکٹ، پیاڈ، پنسل، اسکیل، شارپنر، اریزر اور جامیٹری آلات اپنے ساتھ رکھ سکتے ہیں۔ نقل نویسی کو روکنے کیلئے 144 فلائنگ اسکواڈ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ہر ضلع میں حساس مراکز پر سیٹنگ اسکواڈ تعینات رہے گا۔ ہال ٹکٹ تمام اسکولوں کو روانہ کردیئے گئے ہیں اور ویب سائیٹ سے ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت موجود ہے۔1