ایس ایس سی امتحانات کا 3 اپریل سے آغاز، 4.94 لاکھ امیدوار

   

ہال ٹکٹ کی بنیاد پر آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر، وزیر تعلیم کی ضلع کلکٹرس سے ویڈیو کانفرنس

حیدرآباد۔/29 مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے 3 اپریل سے شروع ہونے والے ایس ایس سی امتحانات کی تیاریوں کا ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ جائزہ لیا۔ وزیر تعلیم نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ کسی دباؤ یا الجھن کے بغیر امتحانات میں حصہ لیں۔ امتحانی مراکز پر تمام تر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ 3 اپریل سے قبل امتحانی مراکز پر انتظامات کا جائزہ لیںاور امتحانات کے بارے میں طلبہ میں پائے جانے والے اندیشوں کو دور کرتے ہوئے ان میں خود اعتمادی پیدا کرنا متعلقہ اسکولوں کے انتظامیہ کے علاوہ والدین اور اساتذہ کی ذمہ داری ہے۔ لاکھوں طلبہ کی شرکت کی پیش نظر موثر انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ امیدوار اپنے ہال ٹکٹ بتاکر آر ٹی سی بس میں مفت سفر کرسکتے ہیں۔ جملہ 494620 امیدوار ایس ایس سی امتحانات میں حصہ لیں گے جن کیلئے 2652 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ امتحانات کے دوران گرمی کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے لہذا امتحانی مراکز کے پاس تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پینے کے پانی کے علاوہ او آر ایس دستیاب ہونا چاہیئے۔ طلبہ کیلئے بہتر ماحول میں امتحانات لکھنے کی سہولت فراہم کی جائے۔ امتحانی مراکز کے باہر بھی موثر انتظامات کی ہدایت دی گئی۔ امتحانی مراکز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جارہے ہیں۔ عہدیداروں پر مشتمل خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ ہال ٹکٹس متعلقہ اسکولوں کو روانہ کردیئے گئے ہیں اور امیدوار آن لائن ہال ٹکٹ ڈاون لوڈ کرسکتے ہیں۔ جاریہ تعلیمی سال سے پرچہ جات کی تعداد 11 سے گھٹاکر 6 کردی گئی ہے۔ر
ویڈیو کانفرنس میں سکریٹری محکمہ تعلیم وی کرونا اور ڈائرکٹر محکمہ تعلیم شری دیوا سینا اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ر