ایس جے شنکر کا گجرات سے راجیہ سبھا ضمنی انتخابات میں پرچہ نامزدگی داخل

,

   

گاندھی نگر25جون(سیاست ڈاٹ کام)برسراقتدار بی جے پی کے امیدوار کے طورپر مرکزی وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور جگل ٹھاکر نے دو وزرا امت شاہ اور محترمہ سمریتی ایرانی کے لوک سبھا میں منتخب ہونے کی وجہ سے خالی ہوئی گجرات کی دو راجیہ سبھا سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے لئے آج پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ان سیٹوں پر ضرورت پڑنے پر ایک ہی تاریخ میں پانچ جولائی کو الگ الگ ووٹنگ ہونے کی وجہ سے دونوں بی جے پی امیدواروں کی جیت پکی ہے ۔اسمبلی کے ڈپٹی سکریٹری اور الیکٹورل افسر سی بی پانڈیا کو جب دونوں امیدواروں نے پرچہ نامزدگی سونپے تو اس وقت وزیراعلی وجے روپانی،نائب وزیراعلی نتن پٹیل ،ریاستی بی جے پی کے صدر جیتو واگھانی اور کئی وزیر بھی موجود تھے ۔نامزدگی کے بعد مسٹر جے شنکر نے نامہ نگاروں سے کہا کہ وہ گجرات کی ترقی میں تعاون کرنے کی پوری کوشش کرتے رہیں گے ۔مہاتما گاندھی،سردار پٹیل اور وزیراعظم نریندرمودی اور وزیر داخلہ مسٹر شاہ کی آبائی ریاست گجرات سے راجیہ سبھا میں نمائندگی کرنے کا موقع ملنا ان کے لئے فخر کی بات ہے۔ انہیں امیدوار بنانے کے لئے وہ پارٹی کے انچارج ہیں۔قابل ذکر ہے کہ خارجہ سکریٹری عہدے سے ریٹائرڈ ہونے والے مسٹر جے شنکر کو مسٹر مودی نے اپنی حکومت میں وزیر خارجہ بنایا ہے ۔انہوں نے کل ہی باضابطہ طورپر بی جے پی کی رکنیت حاصل کی تھی۔دوسری جانب شمالی گجرات کے یووا لیڈرجگل ٹھاکر،جو وزیراعظم نریندرمودی کی ماں ہیراباکے نام سے ایک فاؤنڈیشن چلا کر سماج کی خدمت سے جڑے رہے ہیں۔انہوں نے کانگریس پر ذات پات پرمبنی سیاست کرنے کا الزام لگایا۔