ایس پی ایم ایل سی پشپراج جین کی رہائش پر انکم ٹیکس دھاوا

   

قنوج: اتر پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل محکمہ انکم ٹیکس نے جمعہ کی صبح سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قانون ساز کونسل کے رکن (ایم ایل سی) پشپراج جین عرف ’پمپی‘کے گھر پر چھاپہ مارا۔ ذرائع کے مطابق قنوج میں پمپی کے گھر پر انکم ٹیکس محکمہ کی جانب سے صبح 7 بجے سے چھاپہ ماری شروع کی گئی۔ خیال کیا جارہا ہے کہ پرفیوم بزنس مین پمپی جین ہی ہیں جنہوں نے حال ہی میں ’سماج وادی پرفیوم‘ تیار کیا ہے ۔ قبل ازیں، محکمہ انکم ٹیکس نے قنوج کے پرفیوم تاجر پیوش جین کے گھر پر گزشتہ چند دنوں سے جاری چھاپوں میں تقریباً 200 کروڑ روپے کی نقدی اور 75 کلو سونا اور چاندی برآمد کی تھی۔ محکمہ انکم ٹیکس کا دعویٰ ہے کہ کسی شخص کے گھر سے ملنے والی رقم کی یہ اب تک کی سب سے بڑی ریکوری تھی۔