ایشانت شرما کو 6 ہفتوں کے آرام کا مشورہ

   

نئی دہلی۔22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے سرفہرست ٹسٹ بولر ایشانت شرما کو ان کا ٹخنہ زخمی ہونے کے بعد چھ ہفتے کے لئے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے جس سے نیوزی لینڈ کے دورے میں ٹسٹ سیریز سے وہ باہر ہوگئے ہیں۔ایشانت یہاں ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ودربھ کے خلاف رانجی ٹرافی میچ کے دوسرے دن اپنا ٹخنہ زخمی کر بیٹھے تھے۔ ہندستان کو 21 فروری سے نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔فاسٹ بولر کو ٹخنے میں چوٹ کے بعد مقامی اسپیشلسٹ کو دکھایا گیا جنہوں نے ٹخنے میں گریڈ 3 ٹائیر کی تصدیق کی ہے اور انہیں چھ ہفتے کے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ ایشانت کے اپنی چوٹ کی مزید جانچ کے لئے بنگلور واقع قومی کرکٹ اکیڈمی جانے کی توقع ہے۔ایشانت ودربھ کے خلاف دوسری اننگز کے دوران اپنے تیسرے اوور میں اپنا ٹخنہ زخمی کر بیٹھے۔ وہ ایل بی ڈبلیو کی اپیل کرنے کے لئے مڑے تھے کہ ان کا ٹخنہ مڑگیا اور وہ درد سے کراہتے ہوئے میدان سے باہر گئے۔ ان کے ٹخنے میں سوجن ہو گئی تھی اور ان کی چوٹ کا ایم آر آئی اسکین کروایا گیا۔ اس چوٹ کی وجہ سے ایشانت رانجی میچ سے بھی باہر ہوگئے۔ہندوستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والے پہلے ٹسٹ سے قبل تین روزہ پریکٹس میچ 14 فروری سے کھیلنا ہے۔ پہلا ٹسٹ 21 فروری کو شروع ہونا ہے۔ یاد رہے کہ ایشانت کو اپنے 100 ٹسٹ پورے کرنے کے لئے چار مقابلوں کی ضرورت ہے۔