ایشانت 100 ٹسٹ کھیلنے والے 11 ویں ہندوستانی کھلاڑی

   


احمد آباد : ہندوستانی ٹیم کے موجودہ طورپر سب سے تجربہ کار تیزگیندباز ایشانت شرما 100 ٹسٹ کھیلنے والے ہندوستان کے 11 ویں کھلاڑی بننے جا رہے ہیں۔انگلینڈ کے خلاف موٹیرا کے سردار پٹیل اسٹیڈیم میں چہارشنبہ کو شروع ہونے والے تیسرے ٹسٹ میں شرکت کے ساتھ ہی ایشانت شرما یہ ریکارڈ حاصل کرلیں گے ۔ ایشانت نے سیریز کے دوسرے میچ میں 300 وکٹیں مکمل کیں ۔دہلی کے 32 سالہ ایشانت نے اپنے ٹسٹ کیریئر کا آغاز ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے خلاف راہول ڈراویڈ کی کپتانی میں 2007ء میں کیا تھا۔ اگر ایشانت 24 فروری سے تیسرے ٹسٹ میں کھیلتے ہیں تو یہ ان کا 100 واں ٹسٹ میچ ہوگا اور وہ لیجنڈ کپل دیو کے بعد یہ ریکارڈ حاصل کرنے والے دوسرے تیز گیندباز بن جائیں گے۔ انڈیا کیلئے سچن تنڈولکر(200) ، راہول ڈراویڈ (163) ، وی وی ایس لکشمن (134) ، انیل کمبلے (132) ، کپل دیو (131) ، سنیل گواسکر (125) ، دلیپ وینگسرکر (116) ، سورو گنگولی (113) ، وریندر سہواگ (103) اور ہربھجن سنگھ (103) نے 100 یا اس سے زائد ٹسٹ کھیلے ہیں ۔