ایشیز کی تیاری،جیسن کی ٹسٹ ٹیم میں شمولیت

   

لندن ۔18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹسٹ میچ کے لیے 13رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا اور جیسن روئے کو ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی پر پہلی مرتبہ ٹسٹ اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔ آئرلینڈ کیخلاف ٹسٹ میچ میں جو روٹ کپتانی کے فرائض انجام دیں گے جبکہ جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ پر مشتمل جوڑی ہی فاسٹ بولنگ کی ذمے داری نبھائیں گی۔ورلڈ کپ میں اپنی بیٹنگ کا لواہا منوانے والے جیسن روئے کو بھی پہلی مرتبہ ٹسٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ انگلش ٹیم کے چیف سلیکٹر ایڈ اسمتھ نے کہا کہ میں اور روٹ پہلے سے ہی روئے کے کھیل کے بہت معترف تھے اور انہیں ٹسٹ اسکواڈ کا حصہ بنانے کے خواہشمند تھے لیکن ہم چاہتے تھے کہ وہ مکمل اعتماد کے ساتھ ٹسٹ ٹیم میں شامل ہوں۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی کے بعد روئے کا اعتماد بلندیوں پر ہے اور ہم ایشز سیریز سے قبل انہیں مزید اعتماد دینے کی غرض سے ٹیم میں شامل کیا ہے تاکہ وہ روایتی حریف کے خلاف اچھا کھیل پیش کرسکیں۔ورلڈ کپ کے بعد امید تھی کہ جوفرا آرچر کو بھی ٹسٹ اسکواڈ کا حصہ بنایا جائے گا لیکن ایسا نہ ہو سکا اور وہ اسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکے۔آئرلینڈ کے خلاف واحڈ ٹسٹ میچ کے لیے انگلینڈ کے اسکواڈ میں کپتان جو روٹ، جیسن روئے، معین علی، جیمز اینڈرسن، جونی بیئراسٹو، اسٹورٹ براڈ، رورے برنز، سیام کَرن، جو ڈینلی، لوئس گریگوری، جیک لیچ، کرس ووکس اور اولی اسٹون شامل ہیں۔انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان واحد ٹسٹ 24 جولائی کو لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلا جائے گا۔