لاہور ۔26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچز میں کسی پاکستانی کرکٹر کو ایشین الیون کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔ شیخ مجیب الرحمن کی 100 ویں سالگرہ کے سلسلے میں ہونے والی تقریبات کے دوران ایشین الیون اورریسٹ آف ورلڈ الیون کے مابین 2 میچ بھی کھیلے جائیں گے۔ موجودہ کشیدہ سیاسی صورتحال میں پاکستانی اور ہندوستانی کرکٹرز کے ایک ساتھ ایکشن میں نظر آنے کی توقع نہیں کی جاسکتی تاہم بی سی سی آئی کے جوائنٹ سیکریٹری جائش جارج نے صورتحال واضح کردی ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں پیغام مل چکا کوئی پاکستانی کرکٹر ایشین الیون میں شامل نہیں ہوگا، اسی لئے کسی بھی پیچیدہ صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز میں شرکت کیلیے ہندوستانی کرکٹرزکا انتخاب بی سی سی آئی کے صدر سوروگنگولی کریں گے۔
اشوک ڈنڈا کو ٹیم سے باہر کردیا گیا
کولکتہ ۔26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کیلئے بین الاقوامی کرکٹ کھیل چکے اور بنگال رانجی ٹرافی ٹیم کے اہم فاسٹ بولروں میں سے ایک اشوک ڈنڈا کو سلیکٹروں نے ڈسپلن شکنی کی وجہ سے 16رکنی ٹیم سے باہر کردیا ہے۔سمجھا جاتا ہے کہ دائیں ہاتھ کے بولر ڈنڈا کو ٹیم کے بولنگ کوچ رندیب بوس کے ساتھ گالی گلوچ کی جس کی وجہ سے انہیں باہر کا راستہ دکھایا گیا ہے۔ ٹیم کے کپتان ابھیمنیو ایشورن اور بوس مشق کے بعد ٹیم کے اجلاس میں آپس میں بات چیت کررہے تھے جس دوران ڈنڈا نے بوس کو الٹے سیدھے الفاظ کہے۔بنگال کرکٹ اسوسی ایشن (سی اے بی) کے ذرائع کے مطابق ڈنڈا کو بعد میں کوچ سے معافی مانگنے کے لئے شام تک کا وقت دیا گیا لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا جس کی و جہ سے سی اے بی نے انہیں ٹیم سے باہرکردیا ہے۔اس ڈسپلن شکنی کی وجہ سے ڈنڈا کو رانجی مقابلے کے پورے سیزن باہر رہنا پڑ سکتا ہے۔ خیال رہے کہ ڈنڈا مشتاق علی ٹی20 ٹورنمنٹ سے بھی باہر رہے تھے۔ ڈنڈا ٹیم کے اہم بولروں میں سے ایک ہیں اور وہ یقینی طورپر آخری گیارہ میں شامل ہوتے۔
جونٹی جنوبی افریقی ٹیم میں شامل
جوہانسبرگ ۔26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)50 سال سے زیادہ عمرکے کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے جنوبی افریقی ٹیم میں سابق بیٹسمین جونٹی رہوڈز کو شامل کر لیا گیا۔ سابق فاسٹ بولر ایلن ڈونالڈ کوچ ہوں گے جبکہ دیگر منتخب کھلاڑیوں میں ہنری ولیمز، پیٹر اسٹرائیڈم اور ڈیو ڈنکن بھی شامل ہیں۔