ایلون مسک کی پوسٹ پر بھوپیش اور شرما کے درمیان لفظی جنگ

   

رائے پور، 11 اکتوبر (یواین آئی) امریکی کاروباری شخصیت ایلون مسک کی سوشل میڈیا پوسٹ کو لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کی جانب سے دوبارہ شیئر کیے جانے کے بعد شروع ہونے والا سیاسی تنازع اب چھتیس گڑھ میں بھی شدت اختیار کر گیا ہے ۔ اس معاملے پر ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل اور نائب وزیر اعلیٰ وجے شرما کے درمیان سوشل میڈیا پر الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ بگھیل نے وزیر اعظم نریندر مودی سے جواب طلب کیا ہے ، جبکہ شرما نے کانگریس رہنما پر سخت جوابی حملہ کیا ہے ۔ایلون مسک کی پوسٹ کو لے کر کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے درمیان قومی سطح پر سیاسی بیان بازی جاری ہے ۔ کانگریس اس معاملے میں حکمراں جماعت سے وضاحت طلب کر رہی ہے ، جب کہ بی جے پی نے اپوزیشن کے موقف پر تنقید کرتے ہوئے اس پر افراتفری پھیلانے اور غیر ملکی طاقتوں کو تحفظ فراہم کرنے کا الزام لگایا ہے ۔اسی سلسلے میں چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وزیر اعظم نریندر مودی سے مخاطب ہوتے ہوئے ہفتے کے روز لکھاکہ ”وزیر اعظم جی! سامنے آکر خود جواب دیجیے ۔ آپ کے ‘نابالغ قومی صدر’ کو کوئی سنجیدگی سے نہیں لیتا۔
”بگھیل کے اس تبصرے پر نائب وزیر اعلیٰ وجے شرما نے بھی ایکس کے ذریعے جواب دیا۔ انہوں نے کانگریس رہنما کو نشانہ بناتے ہوئے لکھاکہ ”شدید مخالفت کے باعث جب سے بھوپیش جی کو پنجاب کے انچارج کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے ، تب سے وہ کافی پریشان ہیں۔ وہ اپنی بھڑاس نکالنا چاہتے ہیں۔”شرما نے اپنے تبصرے میں مزید لکھاکہ ”اب دہلی دربار میں تو انہیں بھیگی بلی بن کر رہنا پڑتا ہے ، اس لیے ایکس پر ہی کچھ نہ کچھ لکھ کر اپنی بھڑاس نکال لیتے ہیں، لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ یہاں بھی انہیں کوئی سنجیدگی سے نہیں لیتا۔”