ایل آر ایس اسکیم پر عمل آوری کیلئے 31 مارچ تک مہلت کا فیصلہ

   

25 فیصد رعایت دی جائیگی، ڈپٹی چیف منسٹر اور وزراء کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد۔/19فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے طویل عرصہ سے زیر التواء ایل آر ایس اسکیم یعنی اراضی کو باقاعدہ بنانے کے عمل کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سکریٹریٹ میں ایل آر ایس اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں وزیر مال سرینواس ریڈی، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو، چیف سکریٹری شانتی کماری اور محکمہ مال کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایل آر ایس اسکیم پر عمل آوری کو تیز کرنے کیلئے 25 فیصد رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پلاٹ خریدنے والے افراد کو 31 مارچ تک یہ رعایت دی جائے گی اس کے علاوہ انفرادی طور پر پلاٹ کے رجسٹریشن اور لے آؤٹ کے بغیر پلاٹ کو باقاعدہ بنانے کے عمل میں بھی رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایک لے آؤٹ میں 10 فیصد پلاٹس کا رجسٹریشن ہوچکا ہو تو باقی 90 فیصد پلاٹس کو ایل آر ایس اسکیم کے تحت ریگولرائز کرنے کی سہولت رہے گی۔ 31 مارچ تک 25 فیصد رعایت کے ساتھ رجسٹریشن کیا جاسکتا ہے۔ پلاٹ کی خریدی سے متعلق سیل ڈیڈ رجسٹریشن پر بھی 31 مارچ تک 25 فیصد کی رعایت دی جائے گی۔ تلنگانہ میں غریب عوام گذشتہ چار برسوں سے ایل آر ایس کی درخواستوں کی یکسوئی کے انتظار میں ہیں۔ عوام کی سہولت کی خاطر حکومت نے اسکیم پر عمل آوری میں تیزی پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اس سہولت سے استفادہ کریں۔ وزراء نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ایل آر ایس اسکیم پر عمل آوری کے دوران ممنوعہ فہرست میں شامل اراضیات کے بارے میں چوکس رہیں۔ عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ ممنوعہ فہرست میں موجود اراضیات کا بہرصورت تحفظ کیا جائے۔ رجسٹریشن کیلئے سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے کے بجائے متعلقہ سب رجسٹرار آفس میں پلاٹ کی فروخت اور رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جاسکتا ہے۔ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری فینانس سندیپ کمار سلطانیہ، پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق دانا کشور، پرنسپل سکریٹری ریوینو نوین متل، پرنسپل سکریٹری انڈسٹریز جیش رنجن، کمشنر اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن بدھا پرکاش جیوتی، ڈائرکٹر ہاؤزنگ گوتم اور دوسروں نے شرکت کی۔1