ایل آر ایس اور دھرانی پورٹل کے بائیکاٹ کا مشورہ

   

دستاویز طلب کرنے پر شبہات، عادل آباد میں صدر جمعیت العلماء حافظ ابوبکر کی میڈیا سے بات چیت
عادل آباد : تلنگانہ حکومت کی جانب سے متعارف کردہ ایل آر ایس اسکیم اور دھرانی پورٹل کا مکمل طور پر بائیکاٹ کرنے کا مشورہ مستقر عادل آباد کے علماء کرام مولانا اکبرالدین حسامی امام خطیب مسجد گلزار شریف، صدر جمعیۃ العلماء حافظ ابونکر نے عادل آباد کے عوام کو دیا۔ بعد نماز مصلیان کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے حکومت تلنگانہ پر الزام عائد کیاکہ وہ ایل آر ایس اور دھرانی پورٹل کا سروے این آر سی اور این پی آر کی طرز پر کیا جارہا ہے۔ عوام کو تفصیلات سے واقف کرائے بغیر سرکاری عہدیدار گھر گھر پہنچ کر ارکان خاندان، ملکیت اور فون نمبرات جیسی تفصیلات درج کررہے ہیں۔ مکان کے رجسٹریشن، دستاویزات، پٹہ پاس بک، آدھار کارڈ، شناختی کارڈ، بینک اکاؤنٹ، فون نمبر و دیگر ضروری دستاویزات طلب کی جارہی ہیں جس کی بناء پر عوام میں تشویش پائی جارہی ہے کہ کہیں این آر سی، این پی آر کی کارروائی دوسری شکل میں تو نہیں کی جارہی ہے جس کے پیش نظر انھوں نے عوام سے خواہش کی ہے کہ بلدی عہدیداروں کی جانب سے طلب کردہ تفصیلات کا مکمل طور پر بائیکاٹ کریں۔ واضح رہے کہ ریاست میں ٹی آر ایس حکومت کا قیام عمل میں لانے کے بعد چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے ایک یومی جامع سروے کراتے ہوئے تمام تر تفصیلات حاصل کی تھیں۔