ایمبولنس کا بیجا استعمال کرنے کیخلاف سخت کارروائی کا انتباہ

   

مریض کی منتقلی پر ہی ہارن بجانے کی اجازت، شعور بیداری پروگرام
حیدرآباد 16 مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد ٹریفک پولیس نے ایمبولنس کے غلط استعمال کرنے کے خلاف شعور بیداری پروگرام منعقد کیا۔ ٹرانسپورٹ کمشنر سی رمیش نے کہاکہ موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت ایمبولنس کو چلانا پڑے گا اور ضرورت پڑنے پر ہی اس کے ہارن کا استعمال کرنا چاہئے۔ اگر مریض نہ ہو تو ایمبولنس ڈرائیور بغیر ہارن کے بھی گاڑی چلا سکتا ہے۔ ایمبولنس مریضوں کی جان بچانے اور انھیں وقت پر دواخانہ منتقل کرنے کے لئے سہولت رکھی گئی جس کا غلط استعمال کرنا دوسروں کو تکلیف دینا اور خلاف ورزی کرنے میں شامل ہوتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ کئی ایمبولنس بغیر فٹنس اور بغیر ٹیکس ادائیگی کے گاڑی چلارہے ہیں۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس ٹریفک حیدرآباد جوئل ڈیوس نے کہاکہ ایمبولنس ڈرائیورس دیئے گئے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے سڑکوں پر سائرن کا غلط استعمال کررہے ہیں۔ انھوں نے انتباہ دیا کہ اگر دوبارہ ایمبولنس ڈرائیورس سائرن کا غلط استعمال کریں گے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور انھوں نے کہاکہ بعض ایمبولنس ڈرائیورس شراب پیکر گاڑی چلارہے ہیں ان کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ شعور بیداری پروگرام میں 200 سے زائد افراد جن میں دواخانہ، خانگی ایمبولنس اور ڈیاگناسٹک سنٹرس کے اہلکار موجود تھے۔ (ش)