ویلنگٹن : نیوزی لینڈ کی عدالت نے متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی ایمریٹس کو اپنی بزنس کلاس پرواز کے گمراہ کن اشتہارات پر جرمانہ عائد کیا ہے ۔ تنازعات کے حل کے لئے قائم ٹریبونل کا فیصلہ ایرلائنز کے لئے پرواز کے تجربات کو فروغ دینے کے طریقے میں ایک مثال قائم کرتا ہے ۔ اماراتی ایرلائن کو نیوزی لینڈ کے رہائشی مارک مورگن کو 8440 ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے جنہوں نے ایمریٹس کو نیوزی لینڈ میں اپنی خدمات کی غلط تشہیر کے لئے چیلنج کیا تھا ۔ مورگن نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ کے ساتھ نیوزی لینڈ سے برطانیہ سفر کیلئے بزنس کلاس کا ٹکٹ خریدنے سے پہلے فلیٹ بیڈسیٹوں کے اشتہارات دیکھے جن میں منی بارز اور جدید ترین تفریحی نظام موجود تھے ۔