ایمسیٹ کمپیوٹر پر مبنی انٹرنس امتحان ، سوالی پرچے کے بجائے سی بی ٹی

   

انٹر امیدواروں کو ادارہ سیاست کے تحت لارڈس کالج میں کمپیوٹر پر ٹریننگ خصوصی سیشن
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ میں ایمسیٹ ، انٹر ایم پی سی ، بی پی سی طلبہ کے لیے مکمل کمپیوٹر پر ہوگا ۔ تمام 160 سوالات آبجکٹیو ٹائپ نوعیت کے ہوں گے اور صحیح جواب کو کلک کرنا ہوگا ۔ اس ضمن میں ادارہ سیاست کے تحت لارڈس انجینئرنگ کالج حمایت ساگر روڈ پر کمپیوٹر ٹسٹ ٹریننگ خصوصی سیشن کا اہتمام کیا گیا جس میں دو مراکز سری چندرا کالج شاہ علی بنڈہ اور رائل ریجنسی گارڈن آصف نگر کے سینکڑوں طلباء طالبات نے حصہ لیا ۔ مسز رضوانہ بیگم سکریٹری لارڈس انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے ان ہونہار طلباء وطالبات سے اظہار خوشنودی کرتے ہوئے اپنے نیک تمناؤں کا اظہار کیا کہ وہ اپنے اہم انٹرنس ’ ایمسیٹ ‘ کے لیے پہلی بار کمپیوٹر پر امتحان دینے والے ہیں اور وہ اگر اچھے مارکس اور رینک حاصل کرتے ہیں تو انہیں انجینئرنگ میں فری داخلہ ملے گا ۔ اچھے کورس کے انتخاب میں اچھا رینک لانا ضروری ہے ۔ ڈاکٹر ٹی کے شیخ شاہ ولی یچ او ڈی کمپیوٹر سائنس نے اسکرین پر کمپیوٹر ٹسٹ کی عملی مشق کا مشاہدہ کرتے ہوئے طلبہ کو مفید مشورے دئیے پہلے آڈیٹوریم میں طلبہ کو ایمسیٹ کے کمپیوٹر پر مبنی ٹسٹ کے خدوخال بتائے گئے ۔ صحیح جواب کو کلک کرنا ، اگر جواب بدلنا ہو تو کلئیر کرنا ہوگا کمپیوٹر اسکرین پر 5 کلر دئیے گئے وہ الگ الگ نشاندہی کرتے ہیں ۔ اس میں کوئی منفی مارکس نہیں ہے ۔ اس لیے تمام سوالات حل کرسکتے ہیں ۔ انجینئرنگ کے لیے انٹر ایم پی سی طلبہ اگر کوالیفائی ہوتے ہیں اور صحیح جوابات کرتے ہیں تو انہیں فری سیٹ ملے گی ۔ چار سال تک فیس حکومت ادا کرے گی ۔ اس موقع پر پروفیسر محمد صفی الدین یچ او ڈی سیول انجینئرنگ نے ایمسیٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ادارہ سیاست کے کوچنگ اور لارڈس کالج کے اشتراک کے حوالہ سے طلبہ کو بھر پور استفادہ کا مشورہ دیا ۔ جناب اکبر علی اسسٹنٹ پروفیسر ، جناب ولایت علی نے تمام طلبہ کو کمپیوٹر پر پرچہ کے حل کرنے کے طریقہ کو بتلایا ۔ کیرئیر کونسلر سیاست ایم اے حمید نے انٹر ایم پی سی کے ساتھ بی پی سی کے طلبہ کو ایمسیٹ جو سی بی ٹی اس کو مکمل حل کرنے کی مشق اور جو کمرہ جماعت میں سال بھر پڑھایا جاتا ہے اس کو سسٹم پر کس طرح حل کرتے ہوئے مارکس ، رینک لانا چاہئے بتلایا ۔ جناب سید شاہ انعام الحق قادری عالم امام مسجد افضل گنج نے پروگرام کے لیے مکمل معاونت کی اور عبدالفہیم سنٹر انچارج اور محمد منظور احمد کوآرڈینٹر نے تمام امور کو بخوبی انجام دئیے ۔۔