ایم ایل سی نشست کیلئے آر ایس پروین کمار بی آر ایس کے امکانی امیدوار

   

کے سی آر کی پارٹی قائدین سے مشاورت، کانگریس کی فہرست کے بعد قطعی فیصلہ
حیدرآباد 9 مارچ (سیاست نیوز) ریاست میں ایم ایل اے کوٹہ کی 5 ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات کے سلسلہ میں بی آر ایس امیدوار کے انتخاب کے مسئلہ پر اُلجھن برقرار ہے۔ اسمبلی میں عددی طاقت کے اعتبار سے بی آر ایس ایک نشست پر بہ آسانی کامیابی حاصل کرسکتی ہے جبکہ اگر وہ دوسری نشست پر کامیابی چاہتی ہے تو اُسے 10 منحرف ارکان کے علاوہ مزید ارکان کی تائید ضروری ہوگی۔ کونسل کی ایک نشست کے لئے 21 ارکان کی تائید ضروری ہے اور بی آر ایس کے پاس فی الوقت 28 ارکان ہیں۔ پارٹی نے 2 امیدواروں کو میدان میں اُتارنے پر غور کیا تھا تاہم 10 منحرف ارکان کی تائید کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کو دیکھتے ہوئے صرف ایک امیدوار تک محدود رہنے کا امکان ہے۔ 2 نشستوں کے لئے بی آر ایس کو 42 ارکان کی تائید ضروری ہے اور اگر منحرف ارکان کو شامل کرلیا جائے تب بھی مزید 4 ارکان کی ضرورت پڑے گی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کے سی آر نے ایم ایل سی نشست امیدوار کے طور پر ریٹائرڈ آئی پی ایس عہدیدار آر ایس پروین کمار کے نام کی تجویز پیش کی ہے۔ اُنھوں نے اس سلسلہ میں کے ٹی آر، ہریش راؤ اور دیگر قائدین سے مشاورت کی تاکہ کونسل میں دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے ایک قابل شخص کو بھیجا جاسکے۔ کونسل کی نشست کے دیگر دعویداروں میں ستیہ وتی راتھوڑ، جوگو رامنا، بی بھکشمیا گوڑ اور ڈی شراون شامل ہیں۔ ابتداء میں کہا جارہا تھا کہ ستیہ وتی راتھوڑ جن کا تعلق ایس ٹی طبقہ سے ہے اُنھیں دوبارہ منتخب کیا جائے گا لیکن وسیع تر مشاورت کے بعد آر ایس پروین کمار متوقع امیدوار کے طور پر اُبھرے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر نے کونسل کے انتخابات کے سلسلہ میں کانگریس امیدواروں کی فہرست کا جائزہ لینے کے بعد ہی اپنے امیدوار کے نام کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس پارٹی 3 نشستوں پر بہ آسانی کامیابی حاصل کرسکتی ہے جبکہ چوتھی نشست پر مجلس اور سی پی آئی کے علاوہ منحرف ارکان کی تائید کی ضرورت پڑے گی۔ 1