ایم ایل سی کی تین نشستوں کے لیے پرچہ جات نامزدگی واپس لینے کا عمل مکمل

   

حیدرآباد ۔13۔فروری (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن انڈیا نے تلنگانہ کی ٹیچرس زمرہ کی دو اور گریجویٹ زمرہ کی ایک ایم ایل سی نشست کے چناؤ میں امیدواروں کی قطعی تعداد جاری کیا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق میدک ، نظام آباد ، عادل آباد اور کریم نگر گریجویٹ زمرہ کی نشست کیلئے 12 پرچہ جات نامزدگی سے دستبرداری اختیار کی گئی اور انتخابی میدان میں 56 امیدوار باقی ہیں۔ میدک ، نظام آباد ، عادل آباد اور کریم نگر اضلاع پر مشتمل ٹیچرس زمرہ کی نشست کیلئے ایک پرچہ نامزدگی واپس لیا گیا اور جملہ امیدواروں کی تعداد 15 ہے۔ ورنگل ، کھمم اور نلگنڈہ ٹیچرس زمرہ کی نشست کیلئے تین امیدواروں نے اپنے پرچہ جات نامزدگی واپس لئے اور جملہ امیدواروں کی تعداد 19 ہے۔ پرچہ جات نامزدگی واپس لینے کا آج آخری دن تھا ۔ تینوں حلقہ جات میں رائے دہی 27 فروری کو صبح 8 بجے تا سہ پہر 4 بجے مقرر ہے۔ ووٹوں کی گنتی اور نتیجہ کا اعلان 3 مارچ کو ہوگا۔ کونسل کی تینوں نشستوں کے انتخابات میں بی آر ایس نے کوئی امیدوار میدان میں نہیں اتارا ہے اور اصل مقابلہ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ہے ۔1