ایم اے وحید نے چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا

   

حیدرآباد ۔ 18۔ اپریل (سیاست نیوز) جناب ایم اے وحید ریٹائرڈ آئی ایف ایس نے آج وقف بورڈ کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر انچارج کی ذمہ داری سنبھال لی۔ بعد میں انہوں نے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کے ہمراہ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے عہدیداروں کا انچارج سی ای او سے تعارف کرایا گیا ۔ اجلاس میں کرایہ جات کی وصولی ، وقف فنڈ ، اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور عدالتوں میں زیر دوران مقدمات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ صدرنشین محمد سلیم نے چیف اگزیکیٹیو آفیسر کو مشورہ دیا کہ وہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ پر توجہ مبذول کرائی ۔ اس کے علاوہ وقف آمدنی میں اضافہ کیلئے ہر ضلع میں نشانے مقرر کئے جائیں۔ انہوں نے چیف اگزیکیٹیو آفیسر سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ایم اے وحید نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ شفاف کارکردگی کے خواہاں ہیں اور کسی بھی بے قاعدگی کو برداشت نہیں کریں گے۔