تلنگانہ میں جملہ 9550 نشستیں، عنقریب میرٹ لسٹ کی اجرائی، ڈاکٹر رمیش ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔29 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی آف ہیلت سائنسیس کے وائس چانسلر ڈاکٹر کے رمیش ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو جاریہ سال میڈیکل کالجس میں داخلوں کے بہتر مواقع ہیں۔ ریاست میں ایم بی بی ایس کی نشستوں میں اضافہ ہوا ہے اور جملہ 9550 نشستیں ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ داخلوں سے متعلق سوشیل میڈیا کے گمراہ کن پروپگنڈہ کا شکار نہ ہو۔ نیٹ یو جی 2026 کونسلنگ اگست کے پہلے ہفتہ میں متوقع ہے ۔ طلبہ کو چاہئے کہ وہ ویب آپشن کے استعمال سے قبل کالجس کا دورہ کرے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ طلبہ کالجس کے بارے میں تفصیلات حاصل کئے بغیر ہی انتخاب کرتے ہیں، لہذا طلبہ کو چاہئے کہ کم از کم 3 کالجس کا دورہ کرتے ہوئے طلبہ اور فیکلٹیز سے بات چیت کریں تاکہ کالج میں انفراسٹرکچر سہولتوں ، ہاسٹل اور تعلیمی ماحول کے بارے میں معلومات ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم بی بی ایس میں داخلے کونسلنگ پروٹوکول کے مطابق ہوں گے اور کوئی بھی ادارہ اس طریقہ کار کے بغیر نشستیں الاٹ نہیں کرسکتا۔ نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی توقع ہے کہ نیٹ یو جی کی میرٹ لسٹ عنقریب یونیورسٹی کو روانہ کردے گی جس کے بعد یونیورسٹی مقامی رینک کی تفصیلات جاری کرے گی جس کے بعد کاسٹ اور دیگر اسنادات کی جانچ کی جائے گی۔ ویب کونسلنگ ریاستی کوٹہ کی بنیاد پر رہے گی۔ تلنگانہ کی جملہ 9550 نشستوں میں کنوینر کوٹہ 6159 ، زمرہ بی 1729، زمرہ سی (این آر آئی) 781 ، آل انڈیا کوٹہ 625 ، EWS کوٹہ 203 ، ESI اسٹاف چلڈرن 53 اور سنگارینی کالریز اسٹاف چلڈرن کے زمرہ میں 7 نشستیں رہیں گی جبکہ دیگر زمرہ جات کے تحت 293 نشستوں کو الاٹ کیا جائے گا۔1/k