ایم بی بی ایس میں داخلہ کے نام دھوکہ دہی،لاکھوں روپئے ہڑپنے والے دو افراد بشمول خاتون گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 9ستمبر (سیاست نیوز) مینجمنٹ کوٹہ میں ایم بی بی ایس کی نشستیں دلانے کا جھانسہ دیکر لاکھوں روپئے ہڑپنے والے دو افراد بشمول ایک خاتون کو راچہ کنڈہ پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون نے ایک کارروائی کے دوران وینکٹ رامیا 40 اور 27 سالہ یاگاسراوانی کو گرفتار کرلیا۔ وینکٹ رامیا اے وی آر کے نام سے ایک انسٹیٹیوٹ چلاتا تھا۔ ایل بی نگر علاقہ کے ساکن نے آندھرادیش سے حیدرآباد منتقلی کے بعد پہلے نارائنا کالج میں لکچرر کی خدمات انجام دیں اور پھر چند عرصہ بعد اس نے اپنا خود کا ایک انسٹیٹیوٹ کھولا۔ اس انسٹیٹیوٹ اس نے مینجمنٹ کوٹہ میں ایم بی بی ایس کی نشست کو یقینی بتایا اور عوام کو راغب کرنے لگا۔ اس کی اس پیشکش کو دیکھتے ہوئے عوام ایک کے بعد دیگر جڑتے گئے اور بہ آسانی سے اس کی دھوکہ دہی کا شکار ہوگئے۔ اس نے اپنی سازش میں سراوتی ساکن دلسکھ نگر متوطن نرمل کو بھی شامل کرلیا جو اس کے انسٹیٹیوٹ میں بحیثیت رسپشنسٹ خدمات انجام دیا کرتی تھی۔ ایل بی نگر علاقہ کے ساکن چاری نامی ایک شہری نے ان کے خلاف شکایت کی جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا۔ جیسے جیسے وقت گذرتا جارہا تھا طلبہ کے والدین اور سرپرست جو وینکٹ رامیا کو رقم دے چکے تھے، استفسار کرنے لگے۔ تاہم وہ نہ ہی نشست کی اور نہ ہی رقم کی بات کررہا تھا۔
پولیس نے ایک کارروائی میں دونوں کو گرفتار کرلیا اور ایسی لالچ سے اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کی عوام سے درخواست کی۔