داخلوں کیلئے آئندہ ہفتہ شیڈول جاری ہونے کے امکانات ، مینجمنٹ کوٹہ میں بھی مسابقت
حیدرآباد 30 اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں ایم بی بی ایس نشستوں کیلئے اس مرتبہ سخت مقابلہ ہے ۔ 2024-25 طبی تعلیمی سال کیلئے کنوینر کوٹہ میں 5798 نشستیں دستیاب ہیں جس کیلئے 17654 امیدوار قسمت آزما رہے ہیں ۔ مینجمنٹ کوٹہ میں 1955 نشستیں دستیاب ہیں ۔ 6468 امیدواروں نے رجسٹریشن کرایا ہے ۔ قومی سطح پر آل انڈیا کوٹہ میں ایم بی بی ایس داخلوں کیلئے پہلے مرحلے کی نشستوں کیلئے الاٹمنٹ کا عمل مکمل ہوگیا ہے ۔ ریاستی کوٹہ میں نشستوں کے بھرتی کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں ۔ مقامی ہونے سے متعلق محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ جی او 33 پر ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے کو محفوظ کیا ہے ۔ آئندہ ہفتہ قطعی فیصلہ کا امکان ہے جس کے بعد ہی کونسلنگ کا شیڈول جاری کیا جائے گا ۔ رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد آن لائن اسنادات حاصل کئے گئے جس کا جائزہ لینے کے بعد میرٹ لسٹ جاری کی جائے گی۔ ریاست میں جاریہ طبی سال ایم بی بی ایس داخلوں کیلئے سرکاری خانگی جملہ 60 کالجس ہیں ۔ سرکاری کالجس میں 4115 خانگی کالجس میں 4600 جملہ 8715 نشستیں دستیاب ہیں ۔ سرکاری میڈیکل کالجس میں نیشنل کوٹہ کے تحت 617 ( 15 فیصد ) کو استثنیٰ دینے پر کنوینر کوٹہ میں 3498 نشستیں ریاستی طلبہ کو دستیاب ہے ۔ خانگی میڈیکل کالجس میں کنوینر کوٹہ کے تحت 2300 بی زمرہ میں 1955 سی زمرے میں 345 نشستیں دستیاب ہیں ۔ بی زمرے کی نشستوں کے لیے 6468 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی ہیں ۔ کنوینر کوٹہ نشستوں کیلئے درخواستوں داخل کرنے والے آل انڈیا کوٹہ میں نشستیں پانے والے ہوں تو پہلے مرحلے کی نشستوں کیلئے آپشن اندراج کے بعد کتنے امیدوار مقابلے میں ہے اس کی وضاحت ہوگی ۔ ریاست میں اس مرتبہ ایم بی بی ایس نیٹ یو جی کیلئے 77849 طلبہ نے امتحان تحریر کیا ۔ 47,356 طلبہ نے کوالیفائی کیا ۔ 60 فیصد سے زیادہ امیدواروں نے کوالیفائی کیا ۔ جس کے بعد ایم بی بی ایس نشستوں کیلئے مسابقت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ ریاست میں جاریہ طبی تعلیمی سال کے داخلوں کیلئے چار گورنمنٹ میڈیکل کالجس کو منظوری ملی ہے ۔ ان کالجس میں 200 ایم بی بی ایس نشستوں کو منظوری دی گئی ہے ۔ جن میں آل انڈیا کوٹہ میں 30 نشستیں محفوظ ہیں ۔ ماباقی 170 نشستیں ریاستی طلبہ کو دستیاب ہیں ۔ 2