نئی دہلی: دہلی کی انسداد بدعنوانی برانچ (اے سی بی) نے بلدیاتی انتخابات کے لئے ٹکٹوں کے بدلے مبینہ طور پر نقد رقم کا تبادلہ کرنے کے الزام میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے ایک ایم ایل اے کے رشتہ دار سمیت تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے بدھ کے روز بتایا کہ گوپال کھاری نے پیر کو اے سی بی سے رجوع کیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ اے اے پی ایم ایل اے نے وارڈ نمبر 69 (کملا نگر) سے اپنی بیوی شوبھا کھاری کو ٹکٹ دینے کے بدلے رقم کا مطالبہ کیا تھا۔ معاملے کی جانچ کرنے کے بعد، اے سی بی نے ماڈل ٹاؤن علاقے کے ایم ایل اے اکھلیش ترپاٹھی کے بہنوئی اوم سنگھ اور ان کے پرسنل اسسٹنٹ شیو شنکر پانڈے کے علاوہ راجکمار رگھوونشی کو تعزیرات ہند کی دفعہ 172 ای اور دیگر دفعات کے تحت گرفتار کیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گوپال کھاری کا دعویٰ ہے کہ وہ 2014 سے عام آدمی پارٹی سے ایک سرگرم کارکن کے طور پر منسلک ہیں۔ 9 نومبر کو انہوں نے ماڈل ٹاؤن کے ایم ایل اے سے ملاقات کی اور ان سے پارٹی کارپوریٹر کا ٹکٹ حاصل کرنے کی درخواست کی۔