اینوما ورنگل میں نئے پولیس اسٹیشن کا افتتاح

   

ورنگل ۔/21 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ورنگل ریاستی وزیر پنچایت راج ایرابیلی دیا کر رائو نے کہاکہ اینومامولہ زرعی مارکٹ کی ایک تاریخ ہے جس کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔پنچایت راج وزیر دیا کر رائو نے آج صبح اینومامولہ زرعی مارکٹ علاقہ میں نو تعمیر کردہ پولیس اسٹیشن کا رکن اسمبلی وردھنا پیٹھ آروری رمیش ،پولیس کمشنر اے وی رنگا ناتھ ،ضلع کلکٹر ڈاکٹر بی گوپی ،ڈی سی پی سنٹرل زون کے ساتھ ملکر افتتاح انجام دیا ۔اس موقع پر یہاں منعقدہ اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ محکمہ پولیس سے وابستہ ہوم گارڈس کے تنخواہوں میں اضافہ کرتے ہوئے ان کے وقار میں اضافہ کیا گیا ۔پولیس کمشنر ورنگل اے وی رنگا ناتھ نے کہاکہ یہ ایک اہم پولیس اسٹیشن ہے اس تھانے کے ذریعہ آس پاس کے تقریبا 15دیہاتوں کے غریب عوام اور کسانوں کوبہت فائدہ ہوگا ۔انہوںنے کہا کہ ورنگل ، حیدر آباد کے بعد سب تیزی کے ساتھ ترقی کرنے والا شہر ہے ۔ ہم عوام تک پہنچنے کیلئے مختلف پروگرامس کا آغاز کریں گے ۔ضلع کلکٹر ڈاکٹر گوپی نے کہاکہ یہ پولیس اسٹیشن کی عمارت اچھے انفراسٹکچر کے ساتھ تعمیر کی گئی ہے ۔اس علاقہ میں پولیس اسٹیشن کی اشد ضرورت تھی ۔رکن اسمبلی آروری رمیش نے کہاکہ ایشاء میں سب سے بڑے اینومامولہ زرعی مارکٹ میں پولیس اسٹیشن کا قیام خوش آئند ہے ۔