اینومریشن فارم کی خانہ پوری میں غلطی کے باوجود ووٹ محفوظ رہے گا ۔ آر وی کرنن

   

فارم ۔ 8 کے ذریعہ درستگی ممکن ۔ ڈرافٹ ووٹر لسٹ کے بعد اعتراضات کیلئے /9 ستمبر تک کا وقت
آن لائن فارم رجسٹریشن کروانے والوں کیلئے آف لائن فارم داخل کرنا نہیں ہے ۔ شکوک پر ٹول فری نمبر 1950 پر رابطہ کریں

حیدرآباد : /16 جولائی ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں جاری ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) مہم کے دوران اینومریشن فارمس میں غلطیوں کو لے کر پریشان ووٹرس کیلئے حیدرآباد ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر آر وی کرنن نے ایک اہم اور اطمینان بخش وضاحت جاری کی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اینومریشن فارمس میں اگر کوئی تفصیلات غلط ہوگئی ہوں تب بھی فارم جمع کرانے والے کسی بھی شہری کا ووٹ ضائع نہیں ہوگا اور وہ بالکل محفوظ رہے گا ۔ آر وی کرنن نے بتایا کہ SIR مہم ختم ہونے کے بعد ووٹرس فارم ۔ 8 کے ذریعہ اپنے نام ، پتے یا دیگر تفصیلات کی تمام غلطیوں کو آسانی سے درست کرواسکتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی سروے میں توسیع کے بعد اب اینومریشن فارمس 3 اگست تک بی ایل اوز کے پاس جمع کراسکتے ہیں مگر اس سہولت کا شہری صحیح استعمال کریں ۔ آخری دن فارم جمع کرانے کے بجائے جلد از جلد خانہ پری کرتے ہوئے متعلقہ بی ایل اوز کے پاس فوری فارمس جمع کرائیں تاکہ ڈیجیٹلائزیشن کا عمل پورا کرنے میں انتخابی عملے کو آسانی ہوسکے ۔ آر وی کرنن نے بتایا کہ فارم جمع کرنے والے تمام ووٹرس کے نام پر مشتمل مسودہ (ڈرافٹ) ووٹر لسٹ /10 اگست کو باضابطہ جاری کی جائے گی ۔ رائے دہندے /10 اگست سے /9 ستمبر تک مسودہ ووٹر لسٹ میں اپنا نام چیک کرکے کوئی بھی اعتراض یا دعویٰ جمع کراسکتے ہیں ۔ میاپنگ درست نہ ہونے کی صورت میں انتخابی عہدیدار نوٹس جاری کریں گے ۔ جس کے جواب میں شہریوں کو /10 اگست سے /8 ستمبر کے درمیان الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر (ERO) کے پاس منظور شدہ 12 شناختی کارڈس میں سے کوئی ایک ثبوت پیش کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام عمل کی تکمیل کے بعد حتمی ووٹر لسٹ /12 اکٹوبر کو جاری ہوگی ۔ آر وی کرنن نے بتایا کہ اگر شہریوں کو SIR مہم کے دوران ووٹر لسٹ یا رجسٹریشن عمل کے دوران کسی بھی قسم کی دشواری یا مسئلہ پیش آئے تو وہ فوری طور پر الیکشن کمیشن کے آفیشل ٹول فری نمبر 1950 پر رابطہ قائم کرکے مدد حاصل کرسکتے ہیں ۔ حیدرآباد ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے کہا کہ جن ووٹرس نے اپنے اینومریشن فارم آن لائن کے ذریعہ رجسٹر کراچکے ہیں انہیں اب دوبارہ مینوئل (کاغذی) فارم جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ان کا ڈیٹا سسٹم میں محفوظ ہوچکا ہے لہذا وہ دوہرا اندراج نہ کرائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر پولنگ اسٹیشن پر بی ایل اوز کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ اگر منتقل شدہ (Shifted) ووٹرس میں سے کسی کو ابھی تک اینومریشن فارم نہیں ملا تو وہ فوری طو ر پر اپنے بی ایل اوز یا بوتھ لیول ایجنٹ سے رابطہ قائم کرکے فارم حاصل کریں ۔ 2/y