این آر سی میں عدم شمولیت کی افواہ پر خاتون کی خودکشی

   

تیج پور، 31 اگست (سیاست ڈاٹ کام) آسام میں سونت پور ضلع کے تیج پور میں ایک خاتون نے قومی شہری رجسٹر(این آرسی) کی آخری فہرست میں اپنے کنبہ کے اراکین کے نام شامل نہیں ہونے کی افواہ سننے کے بعد آج مبینہ طورپر خودکشی کرلی۔این آر سی کی آخری فہرست سنیچر کو جاری کی گئی۔ تیج پور کے ڈولہ باری میں رہنے والی سائرہ بیگم نامی خاتون نے آج صبح ایک کنویں میں کود کر مبینہ طورپر خودکشی کرلی۔ خاتون کے شوہر شمشیر علی نے بتایا کہ وہ این آر سی کی آخری فہرست کے تعلق سے کل سے تناو میں تھی۔خاتون کے شوہر اور اس کے دونوں بیٹوں کے نام 30جولائی، 2018کو شائع ہونے والی این آر سی کی فہرست میں نہیں تھے جبکہ اس کا خود کا نام اس میں شامل تھا۔علی نے دعوی کیا کہ اسے ڈر تھا کہ ایک بار پھر ہمارا نام فہرست میں شامل نہیں ہوگا اور ا سکا تناو وہ جھیل نہیں سکی اور خودکشی کرلی۔علی نے بتایا کہ اس کا اور اس کے دونوں بیٹوں کا نام این آرسی کی آخری فہرست میں شامل ہے لیکن اسکا پتہ لگانے سے پہلے ہی اس کی بیوی نے خودکشی کرلی۔پولیس نے معاملہ کی جانچ شروع کردی ہے ۔

این آر سی کی قطعی فہرست پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کا اظہار تشویش
بنگلورو ۔ 31 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) آسام این آر سی قطعی فہرست کی اجرائی کے بعد جس میں تقریباً 19 لاکھ افراد کے نام حذف کردیئے گئے ہیں، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکومت آسام سے مطالبہ کیا کہ فارینر ٹربیونلس اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ شفاف طریقہ سے کام کریں اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔